اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم دورہ پاکستان پر آرہی ہے، مہمان ٹیم کو دورے کے دوران غیرمعمولی سیکورٹی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے زمینوں پر قبضے کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا ہے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم پاکستان آ رہی ہے، اس کے دورے کے لیے سیکیورٹی منصوبے کی منظوری دی گئی ہے، نیوزی لینڈ کا گزشتہ دورہ پاکستان سیکیورٹی کے اعتبار سے خوش کن نہیں تھا لیکن اس کو مدنظر رکھتے ہوئے غیرمعمولی سیکورٹی مہمان ٹیم کو فراہم کی جائے گی۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ غریب لوگوں کی زمینوں پر قبضے کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ غریبوں کی زمینیں سستے داموں خرید کر امیروں کو مہنگے داموں فروخت کردی جاتی ہیں۔ اس حوالے سے وزیر اعظم نے اسد عمر کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں شیریں مزاری، شہزاد اکبر اور فروغ نسیم موجود ہیں اور یہ کمیٹی ایک جامع پالیسی لے کر آئے گی اور ایک ایسا نظام تشکیل دیا جائے گا جس میں غریب لوگوں کی زمینوں کو ہتھیایا نہ جا سکے اور بڑے لوگ وہاں اپنی ہاؤسنگ سوسائٹی نہ بنا سکیں۔
شوبز انڈسٹری کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سینما انڈسٹری کی بحالی کے لیے ہم نے یہ تجویز پیش کی تھی کہ غیر بھارتی پنجابی فلموں کو پاکستان نمائش کی اجازت دی جائے، کابینہ نے کہا ہے کہ آپ اسے صرف پنجابی فلموں تک محدود نہ رکھیں بلکہ بھارت کے علاہ تمام بین الاقوامی فلموں کی پاکستان میں درآمد کی اجازت دی جائے لہٰذا اب سمری کو ترمیم کے بعد دوبارہ پیش کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ 70 کی دہائی میں ہمارے پاس 780 سینما تھے لیکن اب صف 78 سینما رہ گئے ہیں اور اگر ہم نے سینما اور فلم کی بحالی کے لیے فوری اقدامات نہ کیے تو ہماری فلم انڈسٹری جو پہلے ہی تقریباً بیئٹھ چکی ہے، یہ بالکل بند ہو جائے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان ہمارا پڑوسی ملک ہے اس کی تشویش کو حل کرنا ہماری ذمے داری ہے، ذبیح اللہ مجاہد