اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید ملک سے فرار ہونے کے لیے میاں نواز شریف گولی دینے میں کامیاب ہو گئے جس کا دکھ آج بھی وزیراعظم عمران خان کو ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے جی نائن مرکز میں ویکسینیشن سینٹر کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ جوتیوں میں دال بٹ رہی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کو جتنی نالائق ، نکمی ، نکھٹو اور نااہل اپوزیشن ملی ہے کسی کو نہیں ، میں سمجھتا ہوں کہ ملک میں اپوزیشن نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔
سابق وزیراعظم کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ نواز شریف گولی دینے میں کامیاب ہوئے جس کا عمران خان کو دکھ ہے، شہباز شریف کو ہم نے روک لیا اور نام ای سی ایل میں ڈالا ہے، اب ان کی وزارت داخلہ کو درخواست دینے کی مدت بھی ختم ہو گئی ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف پاکستان کی حکمت عملی کو ڈبلیو ایچ او خراج تحسین پیش کیا ہے۔ تمام ہیلتھ ورکز کو سلام پیش کرتا ہوں، پاکستان کے طبی عملے نے کرونا کے خلاف تاریخ رقم کی، عالمی وبا سے جاں بحق ڈاکٹرز شہادت کے رتبے پر فائز ہیں، کرونا ویکسینیشن میں چین نے بھرپور مدد کی، مڈل ایسٹ میں چینی ویکسین قبول کرنے کے معاملے کو عمران خان خود ہینڈل کررہے ہیں۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ چین نے ویکسین تیار کرنے میں ہماری مدد کی ، عوام میں اب ویکسی نیشن کا رجحان پیدا ہو رہا ہے، خطے کے دیگر ممالک کی نسبت پاکستان میں ویکسی نیشن کاعمل بہتر ہے۔ بھارت میں نو ویکسین کا بورڈ لکھا ہے جبکہ پاکستان میں ویکسین وافر مقدار میں موجود ہے ، اسلام آباد میں کورونا کیسز میں بہت تیزی سے کمی آئی ہے ۔
بجٹ سے متعلق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین دھڑے کے تمام ووٹ عمران خان کے بجٹ کو پڑیں گے ، 11 جون کو بجٹ ان شاء اللہ ضرور پاس ہوگا، مزدوروں کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ کیا جار ہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سندھ حکومت کا 7 جون سے صوبے بھر میں تعلیمی سرگرمیاں بحال کرنے کااعلان