سندھ میں مکمل لاک ڈاؤن نافذ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔فواد چوہدری

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

It is our duty to help media workers, Fawad Chaudhry
اسلام آباد:وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سندھ میں مکمل لاک ڈاؤن نافذ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے اپنے حالیہ بیان میں کہا کہ اگر ایس او پیز پر عمل کیا جاتا تو کراچی میں کورونا کیسز کی صورتحال سنگین نہ ہوتی جبکہ کراچی ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔
اپنے بیان میں وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں لاک ڈاؤن نافذ کرنے کے اقدام سے ملکی معیشت کو متاثر کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی جبکہ لاک ڈاؤن پر وفاق کی پالیسی واضح ہے۔
 فواد چوہدری نے کہا کہ سپریم کورٹ کی ہدایت کے تحت صوبے لاک ڈاؤن سے متعلق انفرادی طور پر فیصلے نہیں کرسکتے۔ کورونا سے متعلق این سی او سی کی پالیسی پر عمل صوبوں کی ذمہ داری ہے۔
وفاقی وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ مکمل لاک ڈاؤن پر وزیر اعظم عمران خان کا مؤقف بھی واضح ہے جس کا تعلق محنت کش اور دیہاڑی دار طبقے سے ہے۔ وزیر اعظم نے سندھ حکومت کو واضح پیغام دیا۔
وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ وزیر اعظم کے پیغام کے مطابق صوبے انفرادی فیصلے نہیں کرسکتے جبکہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی ہدایات پر عملدرآمد لازمی ہے۔
صوبائی حکومت کے ساتھ ساتھ بھارت پر بھی فواد چوہدری نے تنقید کی۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ مودی حکومت نے کورنا کے خلاف ناکافی اقدامات اٹھائے۔
پیغام میں وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ ایسے وقت میں جب بنی نوع انسان کورونا وائرس کو شکست دینے کے قریب تھا، بھارت کی شدت پسند مودی حکومت کے اقدامات ہمیں بیچ منجدھار لے آئے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کے ڈیلٹا ویرئینٹ کے پھیلاؤ کے خلاف مودی حکومت کے ناکافی اقدامات کے باعث انسان دوبارہ وائرس کے رحم و کرم پر ہے جبکہ دنیا کورونا کے خلاف جنگ جیتنے ہی والی تھی۔

دوسری جانب سندھ حکومت نے کورونا کے خلاف یکطرفہ فیصلہ کرتے ہوئے آج سے 8 اگست تک کراچی سمیت سندھ بھر میں مکمل لاک ڈاؤن نافذ کردیا جس پر پی ٹی آئی حکومت اور رہنماؤں نے شدید تنقید کی۔
گزشتہ روز وزیر اعلیٰ سندھ کی زیرِ صدارت کورونا ٹاسک فورس کے اجلاس میں کورونا کی ڈیلٹا قسم کے پھیلاؤ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پابندیاں سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس پر آج سے عملدرآمد کا آغاز ہوچکا ہے۔ 

خیال رہے کہ اس سے قبل سندھ حکومت نے کراچی سمیت سندھ بھر میں لاک ڈاؤن کا ترمیمی نوٹیفکیشن جاری کردیا جبکہ کورونا کی روک تھام کیلئے لاک ڈاؤن کے دوران صوبے بھر میں آج سے ہونے والے امتحانات بھی ملتوی کردئیے گئے۔

 سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن کا ترمیمی نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ کاروباری مراکز آج سے 8 اگست تک بند رہیں گے۔ صحافی برادری اور میڈیا ورکرز کو کورونا ایس او پیز کے ساتھ صحافتی سرگرمیاں جاری رکھنے کی اجازت ہوگی

Related Posts