بلوچستان میں موسلادھار بارشوں سے تباہی، قلعہ عبداللہ میں 3 ڈیم ٹوٹ گئے

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

بلوچستان میں موسلادھار بارشوں سے تباہی، قلعہ عبداللہ میں 3 ڈیم ٹوٹ گئے
بلوچستان میں موسلادھار بارشوں سے تباہی، قلعہ عبداللہ میں 3 ڈیم ٹوٹ گئے

بلوچستان میں موسلا دھار بارش نے پھر تباہی مچادی، قلعہ عبداللہ میں 3 ڈیم ٹوٹ گئے، جس کی وجہ سے لسبیلہ میں سندھ اور بلوچستان کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق حب میں موسلادھار بارش سے جھل تھل ایک ہوگیا۔  طوفانی بارش سے شہری بھی خوفزدہ ہوگئے۔ لسبیلہ میں لنڈا ندی میں طغیانی آگئی۔ سیلابی ریلے میں متبادل راستہ بھی بہہ گیا۔ قومی شاہراہ پھر بلاک ہوگئی۔ سندھ اور بلوچستان کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔

روڑی ندی میں طغیانی سے وسیع اراضی پر کھڑی فصلیں سیلاب کی نذر ہوگئیں اور متعدد گاؤں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔

سبی اور ہرنائی میں بھی بادل برسے۔ سیلابی ریلے کے باعث ہرنائی کوئٹہ قومی شاہراہ عارضی طور پر بند ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیں:

پیمرا نے اے آر وائی نیوز کا آپریٹنگ لائسنس منسوخ کردیا

جھل مگسی میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا زمینی رابطہ تاحال منقطع ہے۔ لسبیلہ کنراج کے علاقے باکھڑا ندی میں گاڑی سیلابی ریلے میں بہہ گئی۔

قلعہ عبداللہ میں بارش اور سیلاب کے باعث تین ڈیم ٹوٹ گئے۔ سیلابی پانی ضلع کے مختلف علاقوں سے گزررہا ہے۔ ضلع بھرکے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔

ڈی سی قلعہ عبداللہ کے مطابق 3 ہزارافراد محفوظ مقامات منتقل ہوچکے ہیں، سیلابی ریلے میں بہہ جانے والے 3 افراد کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں کچھ لوگ تاحال لاپتہ ہیں۔

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں گزشتہ شب بارشوں اور سیلاب سے مزید 3 افراد جاں بحق ہوئے ۔سیلاب سے قلعہ سیف اللہ، بولان ،کوئٹہ، ژوب، دکی، خضدار میں اموات ہوئیں۔

بلوچستان میں سیلاب اور بارشوں سے متبادل سڑکیں اور شاہرائیں بھی بہہ گئیں۔شیرانی، سبی، ڈیرہ بگٹی اور قلات میں سیلا بی صورتحال  کا الرٹ جاری کر دیا گیا۔ تربت، خاران، لسبیلہ، آواران، پنجگور، ہرنائی اور سوراب میں بھی سیلاب کا خدشہ ہے۔

اعدادو شمار کے مطابق بلوچستان میں بارشوں اور سیلاب سے 16 پل ٹوٹ چکے ہیں جبکہ ب تک 23 ہزار 13 مویشی ہلاک ہوئے ہیں۔

قلعہ سیف اللہ اورمسلم باغ میں 100 گھر،پل اور درخت ریلے میں بہہ گئے۔سیلاب سے 2 لاکھ سے زائد ایکڑ زمین پر فصلوں کو نقصان پہنچا۔

Related Posts