لاہور: چیف جسٹس آف پاکستان گلزار احمد نے ہفتے کے روز عدلیہ پر ادارہ جاتی دباؤ یا اثر و رسوخ کے الزامات کو مسترد کردیا،ان کا کہنا تھا کہ ملک میں عدالتیں اپنا نظام چلانے کے لیے مکمل طور پر آزاد ہیں۔
لاہور میں انسانی حقوق کی کارکن اور معروف قانون دان عاصمہ جہانگیر کی یاد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا کہ میں نے کبھی کسی ادارے سے ڈکٹیشن نہیں لی اور نہ ہی کبھی کسی کے دباؤ میں آیا۔
چیف جسٹس سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر علی احمد کرد کے تبصروں کا جواب دے رہے تھے۔ علی احمد کرد نے عدلیہ پر تنقید کی تھی اور عدالتوں پر آزادانہ کام نہ کرنے کا الزام لگایا۔
بعد ازاں کانفرنس میں علی احمد کرد کے بارے میں اپنے ردعمل میں، چیف جسٹس گلزار نے کہا کہ وہ سینئر وکیل کی طرف سے کی گئی تشخیص سے ”بالکل متفق نہیں ”۔
اعلیٰ جج نے مزید کہا، ”مجھے کبھی کسی نے نہیں بتایا کہ مجھے کون سا فیصلہ سنانے کی ضرورت ہے اور کسی نے میرے حکم پر مجھے ڈکٹیٹ کرنے کی ہمت نہیں کی“۔
انہوں نے کہا کہ میری عدالت لوگوں کو انصاف دیتی ہے۔ علی احمد کرد عدالت میں آئیں اور دیکھیں کہ کیا ہو رہا ہے۔ عدالت کا فیصلہ پڑھیں اور دیکھیں کیا ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرے جج ہر روز فیصلے لکھتے ہیں۔ دیکھیں کہ ہماری عدالت کس طرح آزادی کے ساتھ کام کر رہی ہے اور قانون کی پیروی کر رہی ہے اور آئین کو نافذ کر رہی ہے۔
تاہم، چیف جسٹس نے اس بات پر زور دیا کہ اختلاف رائے کسی بھی فریق کو عدالتوں پر دباؤ کا الزام لگانے کی اجازت نہیں دیتا۔ ہماری عدالت فیصلے لینے کے لیے آزاد ہے اور وہ آزادی سے جو چاہے کرتی ہے۔ ہماری عدالت کیس میں ہر فریق کو سنتی ہے اور انہیں جوابدہ ٹھہراتی ہے۔
مزید پڑھیں: صدر اور وزیراعظم کابچوں کے حقوق کے تحفظ کے عزم کا اعادہ