بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں مستونگ روڈ پر سونا خان کے قریب ایف سی چیک پوسٹ پر دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں3 سیکیورٹی اہلکار شہید جبکہ 20 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور زخمی ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ریسکیو ٹیمیں حادثے سے متاثرہ افراد کی امداد کیلئے جائے حادثہ کی طرف روانہ ہوگئیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکہ خودکش حملہ آور نے کیا۔
بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث بم دھماکے کے نتیجے میں جانی نقصان میں اضافے کا خدشہ ہے۔ دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد کو سی ایم ایچ اور شیخ زاید ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ڈی آئی جی کوئٹہ کے مطابق خودکش حملہ آور سیکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنانا چاہتا تھا۔ترجمان سی ٹی ڈی بلوچستان نے کہا کہ ایف سی کی سوہنا خان چیک پوسٹ پر دھماکے میں 3سیکیورٹی اہلکاروں نے جامِ شہادت نوش کیا۔
قبل ازیں کوئٹہ کے سرینا چوک کے قریب زور دار دھماکے کے نتیجے میں 2پولیس اہلکار شہید، جبکہ 8زخمی ہوگئے تھے۔
سرینا چوک پر مقامی ہوٹل کے قریب گزشتہ ماہ زور دار دھماکہ ہوا، دھماکے کے نتیجے میں 2پولیس اہلکار شہید جبکہ 8زخمی ہو گئے، جنہیں قریبی اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ بم موٹر سائیکل میں نصب تھا، جس کے باعث قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے، جبکہ ملزمان نے پولیس وین کو نشانہ بنایا۔دہشت گردوں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل کراچی میں ولیکا چورنگی پر قائم کے الیکٹرک کے سب اسٹیشن میں دھماکا ہوا جس سے اطراف کی دیواریں گر گئیں اور دفتر میں آگ لگ گئی۔
آج سے 4 روز قبل ولیکا چورنگی پر قائم کے الیکٹرک کے سب اسٹیشن میں ہونے والے دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ فائر بریگیڈ کی گاڑی، پولیس اور ریسکیو حکام جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔
مزید پڑھیں: کے الیکٹرک، سب اسٹیشن میں دھماکا، دفتر میں آگ لگ گئی