اسلام آباد: وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بین الاقوامی جنیوا کانفرنس کے دوران وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے 1 تیر سے 2 شکار کیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف، وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار اور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وزیر اعظم کی خارجہ پالیسی کامیاب ہوگئی ہے۔
جنیوا کانفرنس میں 9.7 ارب ڈالر کی امداد کے وعدے کیے گئے، وزیراعظم
گفتگو کے دوران وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت کی گزشتہ آٹھ نو ماہ سے جاری محنت کا پھل نظر آنے لگا ہے۔ کانفرنس میں حکومت نے اپنا ہدف پورا کر لیا۔ وزیر خارجہ نے وزیر اعظم اور حکومت کو مبارکباد بھی دی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ جنیوا کانفرنس کے دوران مجموعی طور پر 9.7 ارب ڈالر کی امداد کے وعدے کیے گئے۔
وفاقی وزراء کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ جنیوا کانفرنس انتہائی کامیاب رہی، کانفرنس کی کامیابی قوم کی دعاؤں اور اخلاص کا نتیجہ ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ یہ کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے، سیلاب متاثرین کی دوبارہ آبادکاری تک کوششیں جاری رکھیں گے، ایک ایک پائی کو شفافیت کے ساتھ استعال کرنا ہے، بال اب ہمارے کورٹ میں ہے۔