صوفیا: بلغاریہ میں بس میں آگ لگنے سے 46افراد لقمہ اجل بن گئے، حادثے میں مرنے اور زخمی ہونے والوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
غیرملکی میڈیا نے بلغاریہ کی وزارت داخلہ کے حکام کے حوالے سے بتایا کہ مغربی بلغاریہ کی ہائے وے پرسفرکرنے والی بس میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں 46افراد ہلاک اور7زخمی ہوگئے۔
ہلاک اورزخمی ہونے والوں میں بچے بھی شامل ہیں تاہم بچوں کی صحیح تعداد ابھی سامنے نہیں آسکی۔بس حادثے میں جھلس جانے والے7زخمیوں کواسپتال منتقل کردیا گیا۔ حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہرکیا ہے۔
شمالی مقدونیہ کے وزیر صحت وینکو فلپس نے صوفیا کے ایک ہسپتال میں زندہ بچ جانے والوں کی عیادت کے بعد عوامی بی این ٹی ٹیلی ویژن کو بتایا۔کہ بدقسمتی سے، بہت سے متاثرین ہیں،جن میں 12 نابالغ بھی شامل ہیں۔
اہلکار نے بتایا کہ زندہ بچ جانے والوں میں ایک 16 سالہ لڑکی شامل ہے اور سبھی ایک ہی خاندان سے ہیں اور اس کی حالت مستحکم ہے۔
حکام نے بتایا کہ مرنے والوں کا تعلق شمالی مقدونیہ اور مختلف نسلی گروہوں سے تھا اور ان میں ایک بیلجیئم اور ایک سربیائی شہری بھی شامل تھا۔
مقدونیہ کے مقامی میڈیا نے بتایا کہ بس ”بیسا ٹرانس” سیاحتی ایجنسی کے ساتھ رجسٹرڈ تھی، جو استنبول کے دوروں کا انتظام کرتی ہے۔
مزید پڑھیں: اقوامِ متحدہ نے افغانستان کے بینکاری نظام کی تباہی کا خدشہ ظاہر کردیا