پاکستان کے معروف اداکار یاسر حسین اور اہلیہ اقراء عزیز کے ہاں ننھے مہمان کی آمد سے قبل بے بی شاور کی تقریب کیلئے اقراء کے لباس پر 100 دعاؤں کی موجودگی کا انکشاف سامنے آیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اقراء عزیز اور یاسر حسین نے حال ہی میں اپنے ہاں جولائی 2021ء میں ننھے مہمان کی آمد کا اعلان کیا جس کیلئے بے بی شاور کی خوبصورت تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
پہلے بچے کی پیدائش سے قبل بے بی شاور کیلئے اقراء عزیز نے ایک خوبصورت جامنی رنگ کا لباس زیبِ تن کیا جس پر دیدہ زیب ڈیزائن کے علاوہ دوپٹے کا استعمال بھی خوبصورت نظر آیا۔
مذکورہ لباس اداکارہ اقراء عزیز کے ایک خاص فوٹو سیشن کیلئے ڈیزائن کیا گیا جس میں بے شمار دعائیں اقراء کے دوپٹے میں پروئی ہوئی نظر آئیں جس میں زری کا کام کیا گیا ہے۔ ڈیزائنر فہد حسین نے دوپٹے کا نام ہی 100 دعائیں رکھ دیا۔
دوپٹے میں پروئی گئی 100 دعائیں اداکار یاسر حسین، اہلیہ اقراء عزیز اور ان کی والدہ آسیہ عزیز کی طرف سے بھیجی گئیں۔ فوٹو سیشن کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں جنہیں عوام بے حد پسند کررہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: زویا ناصر اور کرسچن کیلئے شاہ ویر کی سرپرائز ڈھولکی، تصاویر وائرل