بھارتی اداکارہ زرین خان جنہیں اکثر ان کی شکل و شباہت کی بنا پر کترینہ کیف سے مشابہ قرار دیا جاتا ہے، نے حالیہ دنوں وائرل ہونے والی ایک ویڈیو پر ہونے والی شدید تنقید کے جواب میں سخت ردعمل دیا ہے۔ اس ویڈیو میں زرین خان، کترینہ کیف کے ساتھ ایک تقریب میں نظر آتی ہیں، جسے سوشل میڈیا پر مختلف زاویوں سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
زرین خان نے وضاحت دیتے ہوئے کہاکہ آپ نے دیکھا ہوگا کہ میں نے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں میں بطور مداح کترینہ کیف کے قریب تھی لیکن لوگوں نے اسے اس قدر زیادہ تجزیاتی انداز میں دیکھا کہ اس کا اصل مقصد ہی ختم ہو گیا۔ اگر آپ ویڈیو غور سے دیکھیں تو میں تو خود بھی ایک پاگل کی طرح ہنس رہی ہوں۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ کترینہ کیف ایک سپر اسٹار ہیں اور پہلے مداحوں کو ان تک اس طرح رسائی حاصل نہیں ہوتی تھی۔ مجھے ان کے قریب ہونے کی بہت خوشی تھی۔ میں نے اس وقت ان کے چہرے کے تاثرات پر بالکل بھی توجہ نہیں دی، لوگوں نے بعد میں اس پر باتیں بنائیں۔
زرین خان نے اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ ویڈیو کو اس طرح لیا گیا جیسے میں کترینہ کیف کو منفی انداز میں پیش کرنا چاہتی ہوں۔
یہ لمحہ میرے لیے دل سے جڑا ہوا، ایک خاص اور جذباتی لمحہ تھا لیکن لوگوں نے کترینہ کو بھی ٹرول کیا اور مجھے بھی ایسے نشانہ بنایا گیا جیسے میں جان بوجھ کر ان کو نیچا دکھانا چاہتی ہوں۔ مجھے سمجھ نہیں آتا کہ آخر میں ایسا کیوں اور کس لیے کروں گی؟
زرین نے اس ویڈیو کے وقت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ فلم ریس کے پریمئر کا موقع تھا اور ممکن ہے کترینہ اس دن بہت سے آٹوگراف دے چکی ہوں اور کئی باتوں میں الجھی ہوئی ہوں۔اگر کسی کا موڈ اچھا نہ ہو تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ اسے مداح سے کوئی مسئلہ ہے۔
آخر میں زرین خان نے کہاکہ میرے نزدیک اس ویڈیو میں کچھ بھی قابل اعتراض نہیں تھا اور جو لوگ ہر چیز کو منفی انداز میں لینا چاہتے ہیں، وہ کسی بھی بات کو بگاڑ سکتے ہیں۔