پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ زارا نور عباس کورونا وائرس سے صحتیاب ہوگئیں جس پر انہوں نے مداحوں سے ایک طویل پیغام شیئر کیا ہے۔
فوٹو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر اپنے پیغام میں اداکارہ زارا نور عباس نے کہا کہ گزشتہ کچھ روز میرے لیے مشکل رہے اور اس سے بھی زیادہ دشوار رہے جتنا میں نے سوچا، تاہم ذہن اور جسم کی جنگ ناقابلِ تصور مشکل میں ڈال سکتی ہے۔
انسٹاگرام پیغام میں اداکارہ زارا نور عباس نے کہا کہ اللہ تعالیٰ آپ کا اتنا ہی امتحان لیتا ہے جتنا کہ آپ دے سکیں، اس دوران آپ اپنا حوصلہ بڑھانے کیلئے خود کو تھپتھپاتے ہیں اور اپنے اندر کی برداشت کی طاقت کو سمجھنا شروع کرتے ہیں۔ میں کورونا سے صحتیاب ہوگئی ہوں۔
پیغام میں اداکارہ زارا نور عباس نے کہا کہ میرا کورونا ٹیسٹ کا نتیجہ منفی آیا ہے۔ قرنطینہ رہنے کے دوران میں نے فلمیں دیکھیں، دنیا چھوڑ جانے والی شوبز شخصیات کو یاد کیا، کتابیں پڑھیں اور سونگھنے اور چکھنے کی صلاحیت سے محرومی کا شکار رہی۔
اداکارہ زارا نور عباس نے کہا کہ مجھے کھانسی آتی تھی، رو پڑتی تھی، تاہم پھر میں نے رک کر سوچا کہ ہم اپنی زندگی میں ہر چیز کیلئے کتنے مالدار ہیں۔ میں اپنے اہلِ خانہ کی ہمیشہ شکر گزار رہوں گی کہ وہ میری تیمار داری کیلئے میرے ساتھ رہے۔
زارا نور عباس نے کہا کہ کچھ دوست جو جانتے تھے کہ مجھے کورونا ہے، ان کی محبت اور دعاؤں کی شکر گزار ہوں۔ امید ہے کہ اب حالات بہتر ہوں گے۔ آج سے ہر دن گننے کی کوشش کروں گی۔ زندگی بڑی مختصر ہوتی ہے، اس لیے اچھے طریقے سے گزاریں۔
یہ بھی پڑھیں: منشا پاشا کا بیماری سے صحتیاب ہونے پر مسرت کا اظہار