بھارتی کرکٹر یوزویندر چہل اور یوٹیوبر و ڈانسر دھناشری ورما نے مہینوں کی علیحدگی کے بعد بالآخر اپنی طلاق کو حتمی شکل دے دی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یوزویندر چہل اور دھناشری ورما نے باہمی رضامندی سے طلاق حاصل کرلی ہے جس سے قبل جمعرات کو 45 منٹ تک ان کی کاؤنسلنگ سیشن ہوا۔
رپورٹس میں مزید کہا گیا کہ یہ جوڑا گزشتہ 18 ماہ سے الگ رہ رہا تھا اور انہوں نے اپنی طلاق کی بنیادی وجہ ہم آہنگی کے مسائل کو قرار دیا۔
جج نے جوڑے کو مشاورت حاصل کرنے کا مشورہ دیا تاہم مختصر سیشن کے بعد دونوں نے جج کو آگاہ کیا کہ وہ باہمی رضامندی سے علیحدہ ہونا چاہتے ہیں۔
مشہور جوڑے کو گزشتہ روز سہ پہر باضابطہ طور پر طلاق دے دی گئی۔
قانونی طور پر طلاق ملنے کے بعد چہل کی پہلی سوشل میڈیا پوسٹ میں درج تھاکہ خدا نے مجھے بے شمار بار محفوظ رکھا ہے، میں صرف تصور ہی کر سکتا ہوں کہ کتنی بار مجھے ایسی مصیبتوں سے بچایا گیا ہوگا جن کے بارے میں مجھے معلوم بھی نہیں۔ شکریہ خدا کہ تُو ہمیشہ میرے ساتھ رہا، یہاں تک کہ جب میں نے محسوس بھی نہیں کیا۔ آمین۔”
دوسری جانب دھناشری ورما نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر ایک مبہم پیغام شیئر کیا، جو سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بن گیا۔
انہوں نے لکھا کہ پریشانی سے نعمتوں تک۔ان کی پوسٹ میں مزید لکھا تھاکہ کیا یہ حیرت انگیز نہیں کہ خدا کس طرح ہماری پریشانیوں اور آزمائشوں کو برکت میں بدل دیتا ہے؟ اگر آج آپ کسی چیز کے بارے میں پریشان ہیں، تو جان لیں کہ آپ کے پاس ایک انتخاب ہے۔
آپ یا تو مسلسل پریشان رہ سکتے ہیں یا پھر سب کچھ خدا کے سپرد کر کے دعا کا راستہ اپنا سکتے ہیں۔ اس ایمان میں طاقت ہے کہ خدا ہر چیز کو ہمارے بھلے کے لیے بہتر بنا سکتا ہے۔
یہ یاد رہے کہ یوزویندر چہل اور دھناشری ورما اگست 2020 میں منگنی کے بندھن میں بندھے تھے اور اسی سال ایک نجی تقریب میں شادی کی تھی۔
ان کی علیحدگی کی افواہیں اس سال کے آغاز میں گردش کرنے لگیں جب سوشل میڈیا صارفین نے مشاہدہ کیا کہ دونوں نے انسٹاگرام پر ایک دوسرے کو ان فالو کر دیا ہے۔
یہاں تک کہ کچھ صارفین نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ دھناشری اور چہل دونوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے شادی کی تمام تصاویر ہٹا دی ہیں۔