پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق ٹیسٹ کرکٹر توصیف احمد کی سربراہی میں قائم عبوری سلیکشن کمیٹی تحلیل کردی جبکہ ورلڈ کپ میں ناقص پرفارمنس پر ذکاء اشرف نے قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کو کل طلب کرلیا۔
ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کی وجوہات جاننے کے لیے چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکاء اشرف نے ملاقاتیں شروع کردیں۔
امام الحق کا دورۂ آسٹریلیا کے ٹریننگ کیمپ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ
ذکاء اشرف نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو کل طلب کرلیا جبکہ ڈائریکٹر کرکٹ مکی آرتھر بھی کل لاہور پہنچیں گے۔
مکی آرتھر اور مینجر ریحان الحق ذکاء اشرف سے ملاقات میں اپنی رپورٹس پیش کریں گے۔
بابر اعظم، مکی آرتھر اور سابق کرکٹرز کی رپورٹس کی روشنی میں قومی ٹیم سے متعلق فیصلے کیے جائیں گے۔
دوسری جانب پی سی بی نے سابق ٹیسٹ کرکٹر توصیف احمد کی سربراہی میں بننے والی عبوری سلیکشن کمیٹی تحلیل کردی۔ نئی سلیکشن کمیٹی کی تشکیل کے لیے مشاورت جاری ہے، سلیکشن کمیٹی کا جلد اعلان متوقع ہے۔