انگلینڈ کی سرزمین پر جاری ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں پاکستان چیمپئنز نے اپنی دھواں دار کارکردگی سے ایک اور فتح اپنے نام کرلی۔ سابق اسٹارز سے سجی اس لیگ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز چیمپئنز کو 49 رنز کے واضح مارجن سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں اپنی پوزیشن مزید مستحکم کر لی۔
پاکستان چیمپئنز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 200 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔ کامران اکمل نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ کلاس کبھی پرانی نہیں ہوتی۔ انہوں نے صرف 62 گیندوں پر 113 رنز کی جاندار اننگز کھیلی، جس میں شاندار چوکے اور چھکے شامل تھے۔ کپتان محمد حفیظ نے 23 رنز کے ساتھ ان کا بھرپور ساتھ دیا۔
جواب میں ویسٹ انڈیز چیمپئنز کی ٹیم مطلوبہ ہدف کے دباؤ میں آکر صرف 151 رنز ہی بنا سکی اور یوں 49 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے چدوک والٹن نے 42، جبکہ ویلیم پرکنز اور ڈیوائن براوو نے 30، 30 رنز اسکور کیے، مگر ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کر سکے۔
پاکستان چیمپئنز کی یہ مسلسل تیسری کامیابی ہے جو انہیں سیمی فائنل کی دوڑ میں ایک مضبوط امیدوار بنا چکی ہے۔ شائقین کرکٹ ایک بار پھر اپنے لیجنڈز کو پرانے رنگ میں دیکھ کر خوشی سے جھوم اٹھے ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان چیمپئنز نے جنوبی افریقہ چیمپئنز کو 31 رنز سے اور انگلینڈ کو اپنے افتتاحی میچ میں شکست دی تھی۔