رمضان کے مقدس اور بابرکت مہینے کی آمد کے ساتھ ہی دنیا بھر کے مسلمان گری دار میوے اور خشک میوہ جات سمیت کھانے پینے کی اشیاء خرید کر اس کا استقبال کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔
’’بولڈسکی ‘‘ کی شائع کردہ ایک رپورٹ میں خشک میوہ جات اور قدرتی اور ملاوٹ شدہ میوہ جات میں فرق جاننے کے آسان طریقے بتائے گئے ہیں۔ یاد رہے خشک میوہ جات میں فائبر کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے جو گیس، قبض یا اسہال کا باعث بنتی ہے جس کے نتیجے میں نظام ہضم اور میٹابولزم پر دباؤ بڑھتا ہے اور اگر خشک میوہ جات میں ملاوٹ ہو تو اس کے نتائج بدتر ہو جاتے ہیں۔ خالص اور ملاوٹ والے میوہ جات میں فرق کرنے کے متعلق ماہرین کی تجاویز درج ذیل ہیں۔
رنگ
جب اصلی اور ملاوٹ شدہ خشک میوہ جات کا موازنہ کیا جائے تو ان کے رنگ میں بڑا فرق دیکھا جا سکتا ہے۔ ملاوٹ شدہ خشک میوہ جات کا رنگ قدرتی خشک میوہ جات کے رنگ سے زیادہ گہرا ہوتا ہے۔ ملاو ٹ والے میوہ جات پر رنگین کیمیکل اور پریزرویٹیو کا استعمال کیا جاتا ہے۔
ذائقہ
صنعتی طور پر پروسیس شدہ خشک میوہ قدرتی پھلوں کے برعکس مراحل سے گزرتے ہیں۔ تازہ پھل کی مانند قدرتی پکنے کے عمل کے مراحل سے نہ گزرنے کے سبب ان کا ذائقہ بھی تبدیل ہو جاتا ہے۔ ماہرین بتاتے ہیں کہ ملاوٹ شدہ خشک میوہ جات کا ذائقہ کڑوا ہوتا ہے کیونکہ ان کو قدرتی شکر کی مقدار تیار کرنے کے لیے کافی وقت نہیں دیا جاتا تھا۔ گویا ان میں پختگی کی کمی ہوتی ہے۔
کچھ میوہ جات کی الگ پہچان
ملاوٹ شدہ کاجو کی شناخت قدرتی کاجو سے بڑی حد تک ان کی بو اور رنگ سے کی جاتی ہے۔ جب کاجو کی گری سے تیل کی بو آتی ہو یا یہ زرد ہو تو اسے آسانی سے ملاوٹ شدہ کے طور پر پہچانا جا سکتا ہے۔ مصنوعی کشمش کو چینی کے ساتھ میٹھا کیا جاتا ہے۔ اگر کشمش پر پانی یا نمی کا قطرہ نظر آئے تو وہ ملاوٹ ہے۔ کشمش کو ہاتھ کی انگلیوں سے بھی رگڑا جا سکتا ہے۔ اگر اس میں زردی کا رنگ یا نشان رہ جائے، گندھک کی بو آتی ہو تو پھر یہ ملاوٹ شدہ ہے۔ اصلی انجیر کو پہچاننے کا بہترین طریقہ اسے چبانا ہے۔قدرتی انجیر کاٹتے وقت نرم ہوتے ہیں جبکہ خشک انجیر سخت ہوتے ہیں۔پستے پر بھی یہی اصول لاگو ہوتا ہے۔
اصلی دکھائی دینے کےلیے باداموں پر رنگین پینٹ لگا کر ملاوٹ کرنا عام سی بات ہے۔ لیکن ہاتھوں سے رگڑنے پر اچھے بادام اور خراب یا ملاوٹ شدہ بادام میں فرق کیا جاسکتا ہے۔ اگر ہاتھوں پر زعفرانی رنگ رہ جائے تو یہ یقینی طور پر ملاوٹ والی چیز ہے۔ . قدرتی اخروٹ کی گری ہلکی بھوری یا سنہری ہوتی ہے جبکہ ملاوٹ شدہ اخروٹ گہرے بھورے ہوتے ہیں۔