اٹلس ہونڈا نے پاکستان میں اپنی 150 سی سی کیٹیگری کو وسعت دیتے ہوئے ایک دہائی سے زائد عرصے کے بعد نیا ماڈل ہونڈا سی جی 150 لانچ کردیا۔ یہ نیا اضافہ کمپنی کی روایتی حکمت عملی سے ایک واضح تبدیلی ہے جو پہلے صرف معمولی ڈیزائن تبدیلیوں جیسے نئے اسٹیکرز تک محدود تھی۔
ہونڈا سی جی 150 کو 150 سی سی سیگمنٹ میں ایک سستا آپشن کے طور پر پیش کیا گیا ہے بالکل اسی طرح جیسے سی جی 125 کو 125 سی سی رینج میں پوزیشن کیا گیا۔ یہ موٹرسائیکل روایتی انداز اور بنیادی جدید خصوصیات کے خواہشمند صارفین کو اپنی طرف متوجہ کرنے کے لیے تیار کی گئی ہے۔ اس کی فیکٹری قیمت 4 لاکھ 59 ہزار 900 روپے مقرر کی گئی ہے جو سادگی اور بھروسے کی تلاش میں رہنے والے صارفین کے لیے پرکشش ہے۔
ہونڈا سی جی 150 کا ڈیزائن سی جی 125 سے متاثر ہے جس میں گول ایل ای ڈی ہیڈلائٹ، کروم فینڈرز، اور ایک فلیٹ سیٹ شامل ہے۔ فیول ٹینک میٹ گرین رنگ میں ہے جس پر سنہری بیجنگ اسے ایک دلکش انداز دیتی ہے۔ اس کے علاوہ، ایلائے ویلز اور ڈیجیٹل و اینالاگ عناصر کا امتزاج رکھنے والا میٹر اسے جدید ٹچ دیتا ہے۔ موٹرسائیکل کا فریم اور انجن کھلا رکھا گیا ہے، جو اس کی ساخت کو نمایاں کرتا ہے۔
یہ موٹرسائیکل 150 سی سی کے انجن سے لیس ہے جو شہری استعمال کے لیے ایندھن کی بچت اور مضبوط کارکردگی پیش کرتا ہے۔ آل فارورڈ گیئر ٹرانسمیشن سسٹم ہموار گیئر تبدیلیوں کو یقینی بناتا ہے۔ دیگر اہم خصوصیات میں کمبی بریک سسٹم شامل ہے جو بہتر کنٹرول فراہم کرتا ہے، ایل ای ڈی ہیڈلائٹ اور انڈیکیٹرز، اور آسان استعمال کے لیے ڈیزائن کیا گیا گیئر سیٹ اپ۔