سنجے دت کی نئی فلم “بھوتنی” یکم مئی 2025 کو بھارت بھر میں سینما گھروں میں ریلیز ہو چکی ہے۔
یہ فلم ایک ہارر کامیڈی ہے جس میں سنجے دت ایک روحوں سے نمٹنے والے بابا کے کردار میں جلوہ گر ہوئے ہیں جبکہ مونی رائے ایک بھوتنی کے کردار میں نمایاں نظر آتی ہیں۔ فلم کے دیگر نمایاں اداکاروں میں سنی سنگھ، پلک تیواری اور آصف خان شامل ہیں۔
ریلیز سے قبل شائقین کے درمیان یہ سوال گردش کر رہا تھا کہ آیا “بھوتنی” او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر بھی دستیاب ہوگی یا نہیں تاہم اب تک فلم کے پروڈیوسرز یا کسی بھی او ٹی ٹی پلیٹ فارم کی جانب سے اس حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔ یوں لگتا ہے کہ فلم کو فی الحال صرف سینما گھروں میں ہی دیکھنے کا موقع میسر ہے۔
فلم کی ریلیز کے بعد ابتدائی باکس آفس رپورٹز کے مطابق، “بھوتنی” کی افتتاحی کمائی مایوس کن رہی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ فلم نے پہلے دن صرف 25 لاکھ روپے کا بزنس کیا، جو کہ سنجے دت جیسے سینئر اداکار کی فلم کے لیے انتہائی کم ہے۔ کئی تجزیہ نگاروں نے فلم کو نکتہ چینی کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ نہ کہانی میں دم ہے، نہ ہی ہارر اور کامیڈی کا امتزاج متاثر کن ہے۔
فلم کے کمزور آغاز پر سنجے دت نے بھی ایک انٹرویو میں شکوہ کیا کہ موجودہ فلم انڈسٹری میں اتحاد کی کمی ہے اور کچھ فلمیں بغیر کسی وجہ کے نظرانداز کی جاتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ “ہم بکھر چکے ہیں، کسی کی فلم کو وہ سپورٹ نہیں ملتی جو پہلے ملا کرتی تھی۔”
فلم کی او ٹی ٹی ریلیز سے متعلق قیاس آرائیاں ضرور جاری ہیں، مگر ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ آیا اسے نیٹ فلکس، ایمیزون پرائم، جیو سنیما یا کسی اور پلیٹ فارم پر پیش کیا جائے گا یا نہیں۔
یہ بھی ممکن ہے کہ فلم کے سینما میں چند ہفتے مکمل ہونے کے بعد اسے کسی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر ریلیز کر دیا جائے۔
سنجے دت کے مداحوں کو اگر “بھوتنی” دیکھنی ہے تو انہیں سینما کا رخ کرنا ہوگا۔ او ٹی ٹی پر اس کی دستیابی سے متعلق کسی بھی ممکنہ پیش رفت کا انتظار کرنا ہوگا۔