عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود پاکستان میں حکومت نے اس کمی کا فائدہ عوام کو منتقل نہیں کیا بلکہ مقامی سطح پر پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ جاری رکھاتاہم اگست میں پیٹرولیم قیمتوں میں کمی کا امکان ہے۔
جولائی کے وسط میں حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 36 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 11 روپے 37 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا جس کے بعد پیٹرول کی موجودہ قیمت 272.15 روپے اور ڈیزل کی قیمت 284اعشاریہ 35 روپے فی لیٹر تک جا پہنچی ہے۔
عالمی منڈی میں برینٹ کروڈ آئل کی اوسط قیمت جولائی میں 68 ڈالر فی بیرل جبکہ ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت 65 ڈالر فی بیرل رہی، جو کہ پچھلے کئی مہینوں کی نسبت خاصی کم ہے۔
اس تناظر میں امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ حکومت پاکستان یکم اگست سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرے گی۔ ذرائع کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 6 روپے 82 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 1 روپے 68 پیسے فی لیٹر کمی متوقع ہے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے آئندہ پندرہ روزہ جائزے میں قیمتوں میں ممکنہ کمی زیرِ غور ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب گزشتہ چند ماہ میں ایندھن کی قیمتوں میں بار بار اضافہ عوامی پریشانی کا باعث بنا۔
معاشی ماہرین کا ماننا ہے کہ اگر حکومت عالمی منڈی کے مطابق قیمتوں میں کمی کرتی ہے تو نہ صرف ٹرانسپورٹ اور اشیائے خور و نوش کی لاگت کم ہو سکتی ہے بلکہ مہنگائی کی مجموعی شرح پر بھی مثبت اثر پڑے گا۔