کراچی کی عدالت میں کئی شادیاں کرنے پر کیس کی سماعت کے موقعے پر ملزم کو بیوی نے زناٹے دار تھپڑ جڑ دیا، ملزم پر دھوکے سے شادیاں کرکے بھاری مالی فراڈ کا الزام ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ کراچی میں جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں گزشتہ روز پیش آیا جہاں معزز عدالت نے کئی خواتین سے دھوکے اور فراڈ سے شادی کرنے والے ملزم کا 2 ہفتوں کا ریمانڈ منظور کرتے ہوئے اسے جیل بھیج دیا۔
پیر کے روز مقدمے کی سماعت کے موقعے پر احاطۂ عدالت میں ہی ملزم کی ایک بیوی نے اسے زناٹے دار تھپڑا مارا جس پر اردگرد کے لوگ بھی متوجہ ہو گئے۔ متاثرہ خاتون نے بیان دیا ہے کہ ناصر نامی ملزم سے میری شادی 6 سال قبل ہوئی۔
تھپڑ مارنے والی خاتون نے کہا کہ ناصر نامی فراڈ کرنے والے ملزم نے کاروبار کا بہانہ بنا کر مجھ سے 8 لاکھ روپے لیے اور غائب ہوگیا۔ ملزم نے جعلی نکاح نامی بنوایا، شادیوں کیلئے گروہ بنایا ہوا ہے جو اس کی مدد کرتا ہے۔ اس نے متعدد خواتین کی زندگیاں برباد کیں۔
متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ میرے ساتھ شادی کے نام پر بد ترین دھوکا ہوا، نکاح کے نام پر لاکھوں روپے اینٹھنے والے ملزم کو عدالت سے سزا ہوگی جبکہ تمام متاثرہ خواتین انصاف کیلئے عدالت کی طرف دیکھ رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: چنے کے چھلکے پر رنگ چڑھا کر چائے بنائے جانے کا انکشاف