سپر اسٹار ماہرہ خان کے ساتھ لندن میں پیش آئے افسوسناک واقعے کی نئی ویڈیو میں اداکارہ کو ہراساں کرنے والا شخص سامنے آگیا۔
اداکارہ ماہرہ خان ان دنوں عید الاضحیٰ کے موقع پر اپنی ریلیز ہونے والی فلم ‘لو گرو’ کی تشہیر میں بے انتہا مصروف ہیں۔ اس سلسلے میں ادکارہ نے ساتھی اداکار ہمایوں سعید کے ہمراہ امریکا کی ریاستوں ڈیلس، ہوسٹن اور نیویارک میں منعقدہ پروموشنل ایونٹس میں شرکت کی۔
اس کے بعد فلم کی ٹیم پروموشن کے سلسلے میں لندن پہنچی لیکن وہاں ماہرہ خان کے ساتھ ایک افسوسناک واقعہ پیش آگیا۔ یہ اس وقت ہوا جب ماہرہ اِلفورڈ ٹاؤن میں انڈو پاک سپر مارکیٹ اسٹور پر ساتھی اداکار ہمایوں سعید کے ساتھ ایک تقریب میں شرکت کے لیے پہنچی تھیں۔
اسٹور کے باہر انہیں اس وقت شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جب سیکیورٹی انتظامات غیر منظم ہونے کی وجہ سے وہ ہجوم میں بری طرح گھر گئیں اور اس دوران انہیں کی حفاظت پر مامور ایک سیکیورٹی گارڈ نے انہیں جسمانی طور پر ہراساں کیا۔
اس واقعے کی سامنے آنے والی ایک نئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لندن کے سیکورٹی اہلکار نے اداکارہ کو حصار میں لے کر ہجوم سے بچانے کے بجائے انہیں ہی بری طرح جکڑ رکھا ہے۔
اس موقع پر ماہرہ خاصی پریشان اور صدمے کی حالت میں مدد کی طلبگار نظر آئیں۔ دو سیکیورٹی گارڈز کے درمیان پھنسی ماہرہ کی یہ حالت دیکھ کر ساتھ ہی کھڑے اداکار ہمایوں سعید نے فوری طور پر مداخلت کی جو خود بھی اس ہجوم میں پھنسے ہوئے تھے۔
اداکار نے سیکیورٹی گارڈ کو ڈانٹ کر ماہرہ سے دور ہونے کو کہا جس پر ماہرہ اس شخص کے چنگل سے آزاد ہوئیں، اس کے بعد ہمایوں ماہرہ کے لیے آگے بڑھنے کا راستہ بناتے ہوئے بھی نظر آئے۔