گزشتہ ہفتے کولڈ پلے کے کنسرٹ میں ایک مرد اور عورت کی موجودگی سوشل میڈیا پر ایک زبردست تنازعے کی شکل اختیار کر گئی جب بینڈ کے مرکزی گلوکار نے اس جوڑے پر ہنسی مذاق کرتے ہوئے تبصرہ کیا کہ اُن کے ردعمل سے لگتا ہے جیسے وہ خفیہ تعلق میں ہیں۔
یہ واقعہ ریاست میساچوسٹس کے شہر فاکسبرو میں واقع گیلیٹ اسٹیڈیم میں پیش آیا، جہاں کولڈ پلے نے 15 اور 16 جولائی کو دو روزہ کنسرٹ کیا۔
وائرل ہونے والی ٹک ٹاک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کیمرہ ایک مرد و عورت کی طرف گھومتا ہے جو ایک دوسرے کو بانہوں میں لیے ہوئے ہوتے ہیں۔
جیسے ہی کیمرہ اُن کی جانب جاتا ہے، عورت فوراً اپنا چہرہ کیمرے سے چھپانے کے لیے پیچھے مڑتی ہے جبکہ مرد بھی کیمرے سے دور ہو جاتا ہے۔
The CEO of one of the largest tech companies in the world was just caught on camera having an affair with his head of HR 🤦🏻♂️ pic.twitter.com/dv13Xg2SDv
— Matt Wallace (@MattWallace888) July 17, 2025
اسی لمحے، کولڈ پلے کے گلوکار کرس مارٹن اس منظر پر سامعین سے مخاطب ہوتے ہیں کہ اوہ دیکھو، یہ دو لوگ،چلو ٹھیک ہے، تم دونوں محفوظ ہو۔
وہ تھوڑے حیرت سے مزید کہتے ہیں کہ کیا؟ یا تو یہ دونوں کسی افیئر میں ہیں، یا پھر بہت زیادہ شرمیلے ہیں۔
اس کے بعد وہاں موجود کچھ ناظرین خوشی سے چیخنے لگتے ہیں جبکہ سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی۔ بہت سے صارفین نے سوالات اٹھائے کہ آخر یہ جوڑا کون ہے اور وہ اپنا چہرہ کیوں چھپا رہے تھے۔
وائرل ہونے کے بعد کئی آن لائن صارفین نے دعویٰ کیا کہ وہ اس جوڑے کی شناخت کر چکے ہیں اور ان کی ذاتی زندگی کی تفصیلات منظرِ عام پر لانے لگے۔
کچھ پوسٹس میں کہا گیا کہ وہ شادی شدہ نہیں بلکہ دوسرے رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں اور کچھ نے کہا کہ وہ صرف شرمیلے تھے۔
دوسری جانب، میڈیا ذرائع اب تک ان دونوں افراد سے رابطہ کرنے میں ناکام رہے ہیں، اور نہ ہی اس جوڑے نے اس واقعے پر کوئی سرکاری بیان یا وضاحت جاری کی ہے۔
اگرچہ اس ویڈیو کو لاکھوں بار دیکھا جا چکا ہے اور اس پر ہزاروں تبصرے کیے جا چکے ہیں، لیکن اس جوڑے کی اصل شناخت اور تعلق اب تک ایک راز ہے۔
کچھ سوشل میڈیا صارفین نے کرس مارٹن کے افیئر والے تبصرے کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیا، جبکہ دیگر نے اسے ہلکے پھلکے انداز میں لیا۔
فی لحال اس نامعلوم جوڑے کی خاموشی نے مزید سوالات کو جنم دے دیا ہے اور سوشل میڈیا اب تک قیاس آرائیوں کا میدان بنا ہوا ہے۔