پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز کے فاسٹ بولر احسان اللہ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی بیٹنگ لائن اپ کو پچھاڑ کر رکھ دیا۔
احسان نے میچ میں تاریخی اسپیل کرتے ہوئے چار اوورز میں 12 رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کیں۔
پانچ وکٹیں حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ احسان اللہ نے فاسٹ بولنگ کے بھی جوہر خوب دکھائے اور گیند کو 150 کلو میٹر فی گھنٹہ کی سپیڈ سے بھی پھینکا۔
احسان اللہ کا تعلق کہاں سے ہے؟
20 سالہ فاسٹ بولر کا تعلق پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے علاقے خیبر ایجنسی سے ہے۔
احسان اللہ ڈومیسٹک کرکٹ میں خیبر پختونخوا سیکنڈ الیون کی نمائندگی کر چکے ہیں۔
ڈومیسٹک کرکٹ میں انہوں نے ابھی تک 7 فرسٹ کلاس میچز کھیل کر 22 وکٹیں حاصل کی ہیں، جبکہ گزشتہ سال کھیلے گئے ڈومیسٹک ون ڈے ٹورنامنٹ پاکستان کپ میں احسان اللہ 11 میچز میں 22 وکٹیں حاصل کر کے ٹورنامنٹ کے دوسرے بہترین بولر قرار پائے تھے۔
𝐓𝐇𝐔𝐍𝐃𝐄𝐑𝐁𝐎𝐋𝐓𝐒 🚀
Ihsanullah is bowling with serious heat 🔥#HBLPSL8 | #SabSitarayHumaray | #MSvQG pic.twitter.com/TnLTbRgVeu
— PakistanSuperLeague (@thePSLt20) February 15, 2023
احسان اللہ ملتان سلطانز کی دریافت
دائیں ہاتھ کے ابھرتے فاسٹ بولر کو 2022 میں ملتان سلطانز نے لوکل پلیئر کی کیٹیگری میں اپنی ٹیم میں شامل کیا تھا جس کے بعد انہوں نے ٹیم کے لیے 5 میچز کھیل کر 13 وکٹیں حاصل کر لی ہیں۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ میں انہوں نے جیسن رائے، سرفراز احمد، افتخار احمد، عمر اکمل اور نسیم شاہ کی وکٹیں حاصل کیں جس کے باعث پوری ٹیم 18.5 اوورز میں صرف 110 رنز پر ہی ڈھیر ہو گئی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد جس گیند پر احسان اللہ کے ہاتھوں بولڈ ہوئے اس کی رفتار 150.3 کلو میٹر فی گھنٹہ تھی۔
احسان اللہ کے اس تاریخی سپیل پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی خوب داد دی جا رہی ہے۔