اسلام آباد: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی گرفتاری کی تردید سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر یہ سوال زیرِ گردش ہے کہ وزیر اعلیٰ اس وقت کہاں ہیں؟
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈا پور اسلام آباد آمد کے بعد کے پی ہاؤس روانہ ہوئے جس کے بعد گرفتاری کی متضاد اطلاعات سامنے آئیں۔ میڈیا رپورٹس میں سکیورٹی ذرائع نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے گرفتار کیے جانے کی تردید کردی۔
گزشتہ روز مختلف پی ٹی آئی رہنماؤں نے علی امین گنڈا پور کی گرفتاری کا دعویٰ کیا۔ سیکریٹری جنرل عمر ایوب اور فیصل امین گنڈا پور نے بھی وزیر اعلیٰ کے پی کے کی گرفتاری کا خدشہ ظاہر کیا۔ مشیر اطلاعات کے پی کے نے مؤقف اختیار کیا کہ وزیر اعلیٰ سے رابطہ نہیں ہوسکا۔
سرکاری نشریاتی ادارے پی ٹی وی نیوز کا اپنی رپورٹ میں کہنا تھا کہ علی امین گنڈا پور کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔ بعض رپورٹس میں ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا کہ علی امین گنڈا پور نے ریاست پر حملہ کیا تھا، اس لیے ان کے خلاف قانونی کارروائی ہورہی ہے۔
تاہم اس حوالے سے ایک صحافی محمد ظریف نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ ہر کسی کویہ فکر ہے کہ علی امین گنڈا پور کل سے کہاں غائب ہیں؟ جبکہ وزیر اعلیٰ کے پی کے گزشتہ روز اپنے اصلی دوستوں کے پاس فاٹا ہاؤس میں ہیں اور ڈبل گیم آن کرکے انجوائے کر رہے ہیں۔
دوسری جانب وی نیوز کی رپورٹ کے مطابق اینکر منیب فاروق نے کہا کہ علی امین گنڈا پور گرفتار ہیں یا گرفت میں؟ اس سے کیا فرق پڑتا ہے؟ کسی سے رابطہ نہیں۔ کہیں جا نہیں سکتے۔ کوئی پتہ نہیں کہاں ہیں۔ بس یہ پتہ ہے کہ اس بار زیادہ مشکل میں ہیں۔علی امین گنڈا پور اس وقت سجنوں کے پاس ہیں۔