راولپنڈی: سابق خاتونِ اوّل اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کی موجودہ اہلیہ کو اڈیالہ جیل سے رہا کردیا گیا، بشریٰ بی بی پشاور پہنچ گئی ہیں۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق بشریٰ بی بی وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور پہنچ گئی ہیں، مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے سابق خاتونِ اوّل کے پشاور پہنچنے کی تصدیق کردی۔ اسلام آباد میں اسپیشل جج سینٹرل نے توشہ خانہ ٹو کیس میں رہائی کا حکم دیا۔
اسپیشل جج سنٹرل نے بشریٰ بی بی کی رہائی کی روبکار جاری کردی۔ عدالتی عملہ مشال یوسفزئی کے ہمراہ بشریٰ بی بی کی رہائی کا روبکار لے کر اڈیالہ جیل پہنچا تھا۔ جیل انتظامیہ نے روبکار موصولی کے بعد قانونی کارروائی کی تکمیل کردی، بشریٰ بی بی جیل سے نکل کر چلی گئیں۔
رپورٹ کے مطابق اس سے قبل سابق خاتونِ اوّل کو پشاور لے جانے کیلئے سفید رنگ کی لینڈ کروزر پہلے سے تیار تھی۔ اڈیالہ جیل کے باہر سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی تھی۔ پولیس کے تازہ دم دستوں نے اڈیالہ جیل کے گیٹ نمبر 5 پر مستعد رہ کر اس دوران اپنے فرائض کی انجام دہی جاری رکھی۔
اس سے قبل کہا گیا تھا کہ بشریٰ بی بی کو لاہور لے جایا گیا، تاہم پی ٹی آئی کا پلان بی حرکت میں آگیا اور بشریٰ بی بی کو سی ایم ہاؤس پشاور منتقل کردیا گیا۔ پی ٹی آئی کے ضلعی صدر کا کہنا ہے کہ بشریٰ بی بی کچھ ہی دیر قبل پشاور پہنچی ہیں اور وزیر اعلیٰ ہاؤس میں ٹھہریں گی۔