طوفانی بارشوں میں حادثات سے محفوظ رہنے کیلئے کونسے اقدامات کرنے چاہئیں؟

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

طوفانی بارشوں میں حادثات سے محفوظ رہنے کیلئے کونسے اقدامات کرنے چاہئیں؟
طوفانی بارشوں میں حادثات سے محفوظ رہنے کیلئے کونسے اقدامات کرنے چاہئیں؟

ملک بھر میں مون سون کی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور اس دوران کہیں دریاؤں کی سطح میں اضافہ ہورہا ہے ہے تو کہیں سیلابی صورتحال ہے جب کہ کئی حادثات بھی رپورٹ ہوچکے ہیں۔ بارشوں کے دوران کئی قیمتی جانوں کا بھی ضیاع ہوچکا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش کا سلسلہ جولائی کے آخر تک جاری رہے گا، بارش کے موسم میں حادثات سے جانی نقصان بھی ہوتا ہے تو ایسے میں آج ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ بارشوں کے دوران آپ کو کیا احتیاطی تدابیر اختیار کرنا چاہئیں۔

برقی تاروں اور پولز سے دور رہیں

مون سون کی بارشوں کے دوران برقی تار اور سڑکوں پر کھڑے پولز حادثات حتیٰ کہ اموات کی بھی بڑی وجہ ہیں۔

بارشوں کے دوران سڑکوں پر گرے برقی تار بھی حادثات میں اضافے کی وجہ بنتے ہیں لہٰذا ضروری ہے کہ باہر نکلنے والے حضرات ان برقی تاروں اور پولز سے دور رہیں۔

یہی نہیں بلکہ اگر آپ راستے میں حادثاتی طور کسی شخص کو تار یا پولز سے چپکا ہوا دیکھیں تو خود سے بچانے کی کوشش نہ کریں بلکہ اس کے بجائے ایمرجنسی سروس کال کریں، بارش کے دوران برقی تاروں، سوئچز اور ڈوربیل کو چھونے سے بھی گریز کریں کیونکہ یہ چھوٹا سا عمل بھی جان لیوا ہوسکتا ہے۔

ڈرائیونگ کے دوران احتیاط کریں

بارشوں کے دوران دھیمی رفتار کے ساتھ گاڑی ڈرائیو کرنا ضروری ہے، بارش کے دوران اگر آپ کی گاڑی سڑک پر کھڑے پانی میں پھنس جائے تو بجائے گاڑی سے اتر کر واپس پیدل جانے کے ایمرجنسی کال کرکے کسی کو مدد کیلئے بلالیں کیوں کہ پیدل چل کر واپس جانا خطرے سے خالی نہیں، ایسی صورت میں پانی میں گرے برقی تار جان لیوا ہوسکتے ہیں ۔

گاڑی میں اگر پانی بھر جائے تو پیروں کو سیٹ پر رکھ لیں اس کے علاوہ گاڑیوں کو پولز کے ساتھ پارک نہ کریں۔

بلاضرورت باہر نکلنے سے گریز کریں

بارش کے موسم میں پہلے تو بلاضرورت باہر نہ نکلیں اور خاص کر جہاں پانی زیادہ کھڑا ہو وہاں کھلے گٹر بھی ہوسکتے ہیں جس سے جانی نقصان ہوسکتا ہے اس لیے بہتر ہے کہ زیادہ ایمرجنسی کی صورت میں ہی باہر نکلا جائے۔

چھتری اور بارش کیلئے کوٹ کا استعمال کریں

چھتری،پلاسٹک کے جوتے اور رین کوٹ مون سون کی بنیادی ضروریات ہیں، اس لیے بارش میں باہر جانے سے پہلے چھتری یا رین کوٹ لازمی اپنے ساتھ رکھیں، اس سے نہ صرف آپ بارش سے محفوظ رہیں گے بلکہ آپ کا ذاتی سامان بھی بھیگنے سے بچ جائے گا جب کہ بارش میں پلاسٹک بیگ بھی ساتھ رکھنا آپ کے کام آسکتا ہے۔

اگر کوئی اچانک ایسی صورتحال میں پھنس جائے تو کیا کرے؟

ماہرین کا کہنا ہے کہ سیلابی ریلے یا شدید بارش کی صورت میں سب سے پہلے محفوظ مقام پر جانے یا رکنے کی کوشش کریں۔

دوران ڈرائیونگ اپنی رفتار کو آہستہ کرلیں۔

ریسکیو سروسز سے رابطہ کرنے کی کوشش کریں۔

مقامی لوگوں کی راستے کے متعلق معلومات پر اعتماد کریں اور اپنی جان کو خطرے میں مت ڈالیں۔

سیلابی صورتحال میں سب سے پہلے اپنی جان کا تحفظ کریں اور فوری اس جگہ سے واپس کی طرف نکلنے کی کوشش کریں۔

سفر کو مزید جاری نہ رکھیں اور اگر گاڑی، موٹر سائیکل بہہ جانے کا خطرہ ہے تو اسے جانے دیں۔

سیلابی پانی میں پھنسنے کی صورت میں فوری گاڑی سے نکلیں اور پانی کم ہونے کا انتظار مت کریں، مزید پانی گاڑی کو ڈبو بھی سکتا ہے۔ ریسکیو اہلکاروں کے لیے آپ اہم ہیں، گاڑی نہیں۔

اگر موقع پر کوئی مقامی افراد موجود ہیں تو ان کی ہدایات پر عمل کریں اور خستہ حال سڑک، کمزور پشتوں اور پلوں پر سفر کرنے سے گریز کریں۔

سیلابی پانی میں پانی کے بہاؤ کے مخالف یا اس سمت میں گاڑی چلانے کی کوشش بالکل مت کریں۔

کسی درخت، چٹان یا محفوظ چیز کے پیچھے رکنے کی کوشش کریں۔

Related Posts