جدہ: سعودی عرب نے بین الاقوامی مسافروں کے آب زمزم کے پانی کی بوتلیں ساتھ لے جانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
مقامی میڈیا کی رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ جدہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے حکام نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن سمیت تمام نجی کیریئرز کو ایک نیا سرکلر جاری کیا ہے۔
نئے احکامات کے تحت عمرہ یا حج پر جانے والے مسافروں کو زمزم کے پانی کی صرف ایک پانچ لیٹر بوتل لے جانے کی اجازت ہوگی جبکہ دیگر مسافر وزٹ یا بزنس ویزے پر سفر کرنے والے، سیاح، یا دیگر مقاصد کے لیے آنے والوں کے لئے مقدس پانی کو آبائی ممالک میں لے جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
سعودی جنرل ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ ایک باضابطہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے جو لوگوں حج یا عمرہ کی غرض سے ملک میں نہیں آئے ہیں انہیں زم زم کا پانی فراہم نہیں کیا جائے گا، جبکہ حجاج اور عمرہ زائرین کو زم زم فراہم کیا جائے گا۔
دریں اثنا، حجاج کرام کو شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز زمزم واٹر پراجیکٹ کے تحت مقدس پانی کی زمزم کی بوتلیں فراہم کی جائیں گی۔سرکلر میں لکھا گیا ہے کہ نئے آرڈرز کے ساتھ، مسافروں کو مکمل اسکریننگ سے گزرنا ہوگا۔