سری لنکن آل راؤنڈر اینجلو میتھیوز جب پیر کو بنگلہ دیش کے خلاف بیٹنگ کرنے میدان میں داخل ہوئے تو بتایا جاتا ہے کہ وہ اس بات سے بخوبی آگاہ تھے کہ انہیں ’ٹائم آؤٹ‘ کے خطرے کا سامنا ہے۔
کرکٹ کی کوریج کرنے والی ویب سائٹ ’کرک اِنفو‘ کے مطابق انہیں معلوم ہوا ہے کہ سدیر سماراورکرما کے آؤٹ ہونے کے بعد جیسے ہی اینجلو میتھیوز گراؤنڈ میں داخل ہوئے انہیں امپائر رچرڈ ایلنگورتھ کی جانب سے آگاہ کر دیا گیا تھا کہ اُن کے پاس اپنی پہلی گیند کا سامنا کرنے کے لیے صرف 30 سیکنڈز بچے ہیں۔
لیکن وکٹ پر آنے کے بعد اُن کے ہیلمٹ میں خرابی آگئی جس کے باعث وہ دو منٹ کے اندر پہلی گیند کا سامنا نہیں کر سکے اور کرکٹ کی تاریخ میں ’ٹائم آؤٹ‘ ہونے والے پہلے انٹرنیشنل کھلاڑی بن گئے۔
عائزہ خان نے بمباری کے دوران فلسطینیوں کی حمایت نہ کرنے کے الزام کا کیا جواب دیا؟
غیر ملکی خبری ادارے کی رپورٹ کے مطابق نئی دہلی میں بنگلہ دیش کے ہاتھوں سری لنکا کی شکست کے بعد اینجلو میتھیوز کا کہنا تھا انہوں نے کچھ ’غلط‘ نہیں کیا اور میچ آفیشلز کو ’کامن سینس‘ کا مظاہرہ کرنا چاہیے تھا۔
آئی سی سی کے قوانین کے مطابق وکٹ گرنے کے بعد نئے آنے والے بیٹر کو دو منٹ کے اندر اپنی پہلی گیند کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور ایسا نہ کرنے کی صورت میں اُسے ’ٹائم آؤٹ‘ قرار دے کر واپس پویلین واپس بھیجا جا سکتا ہے۔
پیر کو بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں اینجلو میتھیوز وکٹ گرنے کے 10 سیکنڈز بعد گراؤنڈ میں بیٹنگ کرنے کے لیے داخل ہوئے اور انہوں نے کریز پر آتے ہی اپنے ساتھی بیٹر چرتھ اسالانکا سے بات کی اور اُسی وقت امپائر رچرڈ ایلنگورتھ نے انہیں آگاہ کیا کہ اُن کے پاس اپنی اننگز کی پہلی گیند کا سامنا کرنے کے لیے صرف 30 سیکنڈ بچے ہیں۔
تقریباً ایک منٹ 55 سیکنڈ گزر جانے کے بعد جب اینجلو میتھیوز بیٹنگ کی تیاری کر رہے تھے تو اُن کے ہیلمٹ کا ایک ٹکڑا ٹوٹ کر اُن کے ہاتھ میں آگیا۔
کرک اِنفو کے مطابق اینجلو میتھیوز نے آن فیلڈ امپائرز ماریاس ایرسمس اور رچرڈ ایلنگورتھ کو مطلع کیے بغیر پویلین کی طرف اشارہ کرکے دوسرا ہیلمٹ منگوایا جبکہ ہونا یہ چاہیے تھا کہ سری لنکن آل راؤنڈر پہلے امپائرز کو ہیلمٹ تبدیل کرنے کے حوالے سے مطلع کرتے تاکہ میچ آفیشلز کی جانب سے ٹائم کو مینج کرنے کی کوشش کی جاتی۔
جب دوسرا ہیلمٹ اینجلو میتھیوز کے پاس پہنچا تو اُس وقت سمارا وکرما کی وکٹ گرے ہوئے ڈھائی منٹ سے زیادہ کا وقت گزر چکا تھا جس کے بعد بنگلہ دیش کے کپتان شکیب الحسن نے امپائر سے سری لنکن آل راؤنڈر کو ’ٹائم آؤٹ‘ قرار دینے کی اپیل کی۔