اسلام آباد::وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور خاص طور پر سی پیک کے تحت بننے والے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کے خواہشمندوں کو ہر طرح کی مدد اور سہولت فراہم کی جائے گی۔حکومت کی پوری کوشش ہوگی کہ خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کرنیولوں کو پوری مدد فراہم کرے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے یہ بات چیئرمین فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک) میاں کاشف اشفاق سے ملاقات کے دوران کہی۔انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے توانائی، زراعت، صحت، تعلیم اور تعمیراتی شعبوں میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کار اس میں دلچسپی لے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کورونا وائرس وبا کے بعد کی صورتحال کے تناظر میں ایک جامع حکمت عملی کی منصوبہ بندی میں مصروف ہے۔ ٹریڈ ڈپلومیسی کے تحت سفاتخانوں کے ذریعے دنیا کو پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے دستیاب منافع بخش کاروباری مواقع سے آگاہ کرنے کیلئے مہم شروع کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک کے پہلے مرحلے میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور توانائی کی پیداوار پر توجہ دی گئی ہے، دوسرے مرحلے میں صنعتی تعاون اور سماجی و معاشی ترقی ہماری اولین ترجیحات ہیں۔ خصوصی اقتصادی زونز اور ترجیحی زونز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے اور فیڈمک کے تحت علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی بھی ان مقاصد کے حصول میں معاون ثابت ہوگا۔
شاہ محمود قریشی نے علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کرنے پر میاں کاشف اشفاق کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری سے بھر پور فائدہ اٹھانے کے لئے پورے خطے خصوصاً وسطی ایشیائی ممالک اور افغانستان کے سرمایہ کاروں کے ساتھ باہمی تعاون پر توجہ مرکوز کی جائے۔انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کے حوالے سے پاکستان کا ماحول بہت وسیع ہے۔