لاہور: چیئرمین تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ہمیں ہٹا کرچوروں کے ٹولے کومسلط کیا گیا، قوم قبول نہیں کررہی۔ میرے ساتھ ملک دشمن، غداروں والا سلوک کیا گیا، ہمیں ہٹا کرچوروں کے ٹولے کومسلط کیا گیا۔
عمران خان نے لاہور میں گورنر ہاؤس کے باہر احتجاج کرنے والے پی ٹی آئی کارکنوں سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دو صوبائی حکومتیں اپنے مفاد کیلئے نہیں گرا رہے، ملک دلدل میں پھنس چکا ہے، صاف اور شفاف الیکشن ہی بحرانوں سے نکلنے کا واحد راستہ ہیں۔ ایک آدمی نے حکومت کو گرا کر ملک کے ساتھ دشمنی کی، قوم مجھے پچاس سال سے جانتی ہے۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ آج ملٹری اسٹیبلشمنٹ، عدلیہ سمیت ہرطبقے سے کہہ رہا ہوں میری نہیں پاکستان کی جنگ ہے، یہ ان کا مسئلہ نہیں جوملک میں این آراولیکر لوٹ مارکرتے ہیں۔
8 ماہ بعد تاجر، ایکسپوٹرز، کسان، مزدور سمیت سب کا برا حال ہے، آج پاکستان اندھیرے کی طرف جارہا ہے، ہمیں خوف ہے اگر ملک میں جلدی الیکشن نہ کرائے گئے تو پھر حالات سب کے ہاتھ سے نکل جائیں گے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ ہمارے دورمیں چھ فیصد پرمعیشت گروتھ کررہی تھی، ہم کیوں اپنی دوحکومتیں گرانا چاہتے ہیں؟ ہمارا ملک ایک دلدل میں پھنستا جارہاہے، ملک اندھیرے کی طرف جارہا ہے، سترسالہ زندگی میں ایسے حالات کبھی نہیں دیکھے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ان پاکستانیوں سے مخاطب ہوں جنہوں نے منی لانڈرنگ نہیں کی، ان پاکستانیوں سے مخاطب ہوں جن کا جینا مرنا پاکستان ہو، آٹھ ماہ پہلے ایک آدمی نے حکومت گراکرملک کیساتھ ظلم کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج پاکستانیوں کا ایک ہی مسئلہ رول آف لا ہے، جب تک ہم رول آف لا کی جنگ نہیں لڑتے قوم کا کوئی مستقبل نہیں، ملک میں انصاف قائم کرنا ہوگا، انصاف کا مطلب قانون سے کوئی بھی اوپرنہیں، ہمارے نبی نے فرمایا تھا اگر طاقتور کو نہ پکڑا گیا تو قومیں تباہ ہو جاتی ہیں، اعظم سواتی نے صرف ٹویٹ کیا اس پرظلم کیا گیا۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ کابینہ 60 فیصد ضمانت پر ہے، ایک طرف انہوں نے پنجاب کے70 ارب دینے ہیں دوسری طرف کابینہ میں اضافہ کرتے جا رہے ہیں، ہمارے دور میں قبائلی علاقوں کو زیادہ پیسے دیئے گئے تھے۔
مزید پڑھیں:رجیم چینج آپریشن کے نتائج ملک کیلئے نقصان دہ ہیں، اسد عمر
عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ اعظم سواتی کو بچوں کے سامنے برہنہ کیا گیا، ہم کتنا اورگریں گے؟ ایک آدمی نے چوروں کو مسلط کرنے کا فیصلہ کیا، سب کچھ کرنے کا مقصد کسی طرح چوروں کو ہضم کر لیا جائے۔