کراچی: شہر میں پانی چوری کے خلاف بنائے گئے ادارہ فراہمی و نکاسی آب کے اینٹی واٹرتھیفٹ سیل نے ایک ہزار میٹر غیر قانونی بچھائی گئی لائن سمیت ڈیفنس ویو کے ایک گھر میں قائم غیر قانونی واٹر ہائیڈ رینٹ پر کامیاب کارروائی کر کے محمد خان کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرادیا۔
تفصیلات کے مطابق اینٹی واٹر تھیفٹ ٹیم اینٹی واٹر تھیفٹ سیل کے انچارج راشد صدیقی اور واٹر بورڈ کے میٹر ڈویژن کے سپرٹینڈنٹ انجینئر تابش رضا نے کارروائی کرتے ہوئے ڈیفنس ویو میں اقرا یونیورسٹی کے قریب گھر میں قائم پانی کا غیر قانونی ہائیڈرنٹ سیل کردیا۔
ملزمان کی جانب واٹر بورڈ کی 33 انچ کی سپلائی لائن سے غیر قانونی کنکشن لینے کا انکشاف ہوا ہے۔ چوری شدہ پانی گھر کے زیر زمین ٹینک میں جمع کیا جاتا تھا۔ ترجمان زیر زمین ٹینک سے واٹر ٹینکر بھر کر علاقے میں سپلائی دی جا رہی تھی۔
ایک واٹر ٹینکر، ہائیڈرنٹ کی رسید بک اور پمپ ضبط کرلیے گئے، ڈرائیور محمد خان گرفتار ملزم کے خلاف بلوچ کالونی تھانے میں ایف آئی آر نمبر 179/21 درج کر لی گئی۔
کورنگی انڈسٹریل ایریا میں لانڈھی سے سنگر چورنگی تک پانی کی زیر زمین سپلائی لائن بھی کاٹ دی گئی زیر زمین پانی سپلائی کرنے کی آڑ میں واٹر بورڈ کا پانی چوری کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی تھی۔
واٹر بورڈ کا پانی چوری کرکے کورنگی انڈسٹریل ایریا کی فیکٹریوں کو مہنگے داموں فروخت کیا جانا تھا۔ ایک ہزار میٹر تک لائن بچھائی جا چکی تھی۔ خفیہ اطلاع پر کارروائی کی گئی۔
انچارج اینٹی واٹر تھیفٹ سیل راشد صدیقی کا کہنا ہے کہ شہر میں جہاں بھی غیر قانونی کنکشن سے پانی چوری کرنے یا غیر قانونی ہائیڈ رنٹ کی اطلاع ملتی ہے تو وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ کی ہدایت کے تحت ہم فوری طورپر کارروائی کر کے اس پانی چوری کو ناکام بنا تے ہیں۔