اسلام آباد: قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا ہے کہ پاکستان کی افغانستان سے شکست شرمناک ہے جبکہ افغان ٹیم صرف 2 وکٹوں کے نقصان سے 280 کر گئی، یہ بہت بڑی بات تھی۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی پروگرام کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ قومی ٹیم کے فٹنس لیول پر ہم گزشتہ 3ہفتوں سے شور کر رہے ہیں کہ یہ ٹیم 2 سال سے فٹنس ٹیسٹ سے نہیں گزری۔
گفتگو کے دوران وسیم اکرم نے کہا کہ کھلاڑیوں کو دیکھ کر لگتا ہے کہ وہ روزانہ 8، 8 کلو کڑاہی اور نہاری کھاتے ہیں، آپ لوگ پروفیشنل کرکٹ کھیلتے ہیں، اس کا کوئی ٹیسٹ بھی تو ہونا چاہئے۔
سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا کہ مصباح الحق نے کوچنگ کے دوران فیلڈنگ کے معیار کو جانچنے کی کسوٹی نافذ کی جس کے مثبت نتائج برآمد ہوئے۔ کھلاڑیوں کو مصباح الحق سے نفرت ہوگئی تھی۔
وسیم اکرم نے کہا کہ مصباح الحق نے اپنا کام کیا، اب پاکستانی ٹیم واپس اسی پوزیشن پر پہنچ گئی ہے جہاں ورلڈ کپ میچز میں اگر اور لیکن کو دیکھنا پڑے گا۔فیلڈنگ کا سارا کام ہی فٹنس کا ہے، جہاں ہم مار کھا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ میں وہ مقام آگیا ہے جہاں ہم قومی ٹیم کیلئے دعائیں کرتے نظر آئیں گے کہ آگے آنے والی چاروں ٹیمیں ہار جائیں اور پاکستان جیت کر آگے بڑھ جائے، لیکن ایسا ہونا مشکل نظر آتا ہے۔