پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے واضح کیا ہے کہ “جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی، لاہور” کے نام کی تبدیلی کی کوئی تجویز زیر غور نہیں، اس حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ ادارے کا نام جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی ہی برقرار ہے اور اس میں کسی قسم کی تبدیلی نہ کی گئی ہے، نہ ہی اس کا کوئی منصوبہ موجود ہے۔
انہوں نے مزید وضاحت کی کہ پنجاب حکومت کے مالی سال 2025-26 کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں اس منصوبے کے لیے مختص فنڈز بھی اسی نام سے رکھے گئے ہیں۔
سینئر وزیر نے بتایا کہ حکومت پنجاب دل کے امراض سمیت جدید طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ کے تحت 14 نئے اسپتالوں کے قیام پر کام کر رہی ہے، جس کا ماسٹر پلان حتمی مراحل میں ہے۔
مریم اورنگزیب نے زور دیا کہ جناح انسٹیٹیوٹ سے متعلق خبروں پر تبصرے سے پہلے حقائق کی تصدیق کی جائے، تاکہ غیر ضروری غلط فہمیاں پیدا نہ ہوں۔