جامعہ کراچی کی انجمن اساتذہ نے سینیئر پروفیسر آفاق احمد پر رینجرز اہلکار کے تشدد کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعے کی مکمل تحقیقات کرکے ذمہ داروں کو سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
انجمن کے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ یہ افسوسناک واقعہ اسٹاف کالونی میں پیش آیا، جہاں رینجرز اہلکار کی جانب سے کچرے میں آگ لگانے پر پروفیسر آفاق احمد نے ان کو منع کیا۔
بیان کے مطابق، رینجرز اہلکار نے افسر کے جانوروں کو مچھروں سے بچانے کے لیے کچرے میں آگ لگائی تھی لیکن جب پروفیسر نے اسے روکنے کی کوشش کی تو رینجرز اہلکار کے گارڈ نے پروفیسر کو تھپڑ مار دیا، جس کے نتیجے میں ان کا چشمہ ٹوٹ گیا اور آنکھ میں زخم آیا۔
انجمن اساتذہ نے واقعے کی فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جانی چاہیے تاکہ ایسے واقعات کا ازالہ ہو سکے اور جامعہ کراچی میں اساتذہ کو تحفظ فراہم کیا جائے۔