مشہور بالی ووڈ اداکارہ ودیا بالن نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اے آئی سے تیار کردہ جعلی ویڈیوز پر سخت ردعمل دیا ہے۔
اداکارہ نے انسٹاگرام پر ایک بیان جاری کرتے ہوئے واضح کیا کہ ان ویڈیوز کا ان سے کوئی تعلق نہیں اور وہ ان کے خیالات یا کام کی نمائندگی نہیں کرتیں۔
ودیا بالن نے اپنے بیان میں کہا: “سوشل میڈیا اور واٹس ایپ پر کئی ویڈیوز گردش کر رہی ہیں، جو بظاہر مجھ سے منسلک لگتی ہیں۔ میں واضح کرنا چاہتی ہوں کہ یہ ویڈیوز AI-Generated ہیں اور حقیقت پر مبنی نہیں ہیں۔”
“میرا ان ویڈیوز کے بنانے یا پھیلانے میں کوئی ہاتھ نہیں ہے اور نہ ہی میں ان کے مواد کی حمایت کرتی ہوں۔ جو بھی ان ویڈیوز میں کہا گیا ہے، وہ میرے خیالات کی عکاسی نہیں کرتا۔ میں سب سے درخواست کرتی ہوں کہ کسی بھی مواد کو شیئر کرنے سے پہلے اس کی تصدیق کریں اور گمراہ کن AI مواد سے محتاط رہیں۔”
یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ کوئی بھارتی مشہور شخصیت دیپ فیک ٹیکنالوجی کا نشانہ بنی ہو۔ اس سے قبل رشمیکا مندنا، عالیہ بھٹ، دپیکا پڈوکون، کترینہ کیف، عامر خان، رنویر سنگھ اور سچن تندولکر جیسے ستارے بھی جعلی AI ویڈیوز کے ذریعے نشانہ بن چکے ہیں۔
ودیا بالن کو حال ہی میں رومانوی کامیڈی “دو اور دو پیار” میں دیکھا گیا تھا، جس میں پرتیک گاندھی، الیانا ڈی کروز اور سندھیل راما مورتی بھی شامل تھے۔ فلم کو مثبت ریویوز ملے، لیکن باکس آفس پر صرف 5.5 کروڑ روپے کا بزنس کر سکی۔
اس کے علاوہ، ودیا بالن نے “بھول بھلیاں 3” میں بھی کام کیا، جس میں کارتیگ آریان، مادھوری ڈکشٹ اور تریپتی ڈمری شامل تھے۔ فلم دیوالی پر ریلیز ہوئی اور باکس آفس پر زبردست کامیابی حاصل کی۔