ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کے مختلف علاقوں میں آج صبح ہونے والی موسلا دھار بارش سے پانی جگہ جگہ جمع ہوگیا، شہری آمدورفت میں مشکلات سے پریشان ہیں۔ مختلف ویڈیوز سامنے آگئیں۔
کراچی کے علاقے کلفٹن میں اب سے 3 گھنٹے قبل موسلا دھار بارش ہوئی، ڈیفنس اور گردونواح میں بھی بارش کے باعث پانی کھڑا ہوگیا جس سے شہریوں کو مسائل کا سامنا ہے۔ ویڈیو سے صورتحال واضح ہوگئی۔
شہر قائد کے علاقوں نارتھ ناظم آباد، اورنگی ٹاؤن، سرجانی ٹاؤن، نیو کراچی، نیا ناظم آباد، نارتھ کراچی، بلدیہ ٹاؤن، سعدی ٹاؤن، گلشن معمار، سائٹ ایریا اور بفر زون کے علاقوں میں بھی بارش ہوئی ہے۔
محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق گزشتہ روز بھی کراچی میں ہلکی پھلکی بوندا باندی اور بارش سے موسم خوشگوار تھا۔ آج ہونے والی بارش کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں پانی جمع ہونے کے ساتھ ساتھ گٹر بھی ابل پڑے جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد اور لیاقت آباد سمیت متعدد علاقوں میں جم کر بارش ہوئی۔ گلشنِ حدید میں بارش کے باعث جگہ جگہ پانی کھڑا ہوگیا۔ ملیر، قائد آباد، لانڈھی اور کورنگی میں بھی بارش کے باعث عوام کیلئے مسائل پیدا ہوگئے۔
واضح رہے کہ بارش کے باعث شہریوں کو دفاتر، کاروبار اور تعلیمی اداروں تک رسائی میں مشکلات کا سامنا ہے۔ شہر میں ٹرانسپورٹ کی صورتحال بہتر ہے تاہم بے شمار شہریوں نے تیز بارش کے باعث دفتر سے چھٹی کرلی اور بارش کا لطف اٹھانے کیلئے کھیل کود سمیت مختلف سرگرمیاں بھی کیں۔