کراچی میں کہیں ہلکی، کہیں تیز بارش کے نتیجے میں نشیبی علاقے زیرآب آ گئے، سڑکوں پر جمع پانی نہ نکالا جا سکا۔ ساحلی علاقوں میں طغیانی کے بعد پانی ہٹس اور رہائشی علاقوں میں داخل ہو گیا۔
سب سے زیادہ بارش گلشن معمار میں 23 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی، سرجانی میں 22، سعدی ٹاؤن میں 20 اعشاریہ 5 اور نارتھ کراچی میں 19 ملی میٹر پانی برس گیا۔
کراچی میں وقفے وقفے سے ہونے والی بارش نے شہر کا نظام زندگی متاثر کر دیا۔ کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے جبکہ سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی۔ شہر کے ساحلی علاقوں میں طغیانی کے بعد پانی ہٹس اور رہائشی علاقوں میں بھی داخل ہو گیا۔
بارش کے دوران میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے ایم ڈی واٹر کارپوریشن اسداللہ خان اور میونسپل کمشنر کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور عملے کو نکاسیِ آب کے فوری اقدامات کی ہدایت دی۔
میئر کراچی نے کہا کہ گزری میں سیوریج کے مسائل کو فوری حل کیا جائے، شہر میں نکاسی آب سے متعلق شکایت فوری حل کی جائیں، تاہم شہریوں نے شکایت کی کہ میئر صرف پوش علاقوں کا ہی معائنہ کرتے ہیں، دیگر علاقوں کی حالت جوں کی توں ہے۔
بارش کے باعث صدر، ایم جناح روڈ، کیماڑی، کورنگی، سعدی ٹاؤن، ناظم آباد اور دیگر علاقوں میں پانی جمع ہونے سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔
مسافروں کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا ہے اور ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے تاحال مکمل نکاسی آب ممکن نہیں ہو سکی۔