واشنگٹن: امریکا نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں ہمارا اہم شراکت دار ہے، خدشہ ہے کہ افغانستان کہیں پھر دہشت گردوں کی پناہ گاہ نہ بن جائے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان امریکی محکمۂ خارجہ نیڈ پرائس نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان خطے میں امریکا کا اہم شراکت دار ہے۔ ہم پاکستان کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
پاک امریکہ دوطرفہ تجارت میں 38.3 فیصد اضافہ ریکارڈ
بیان میں ترجمان امریکی محکمۂ خارجہ نیڈ پرائس نے کہا کہ امریکا پاکستان میں کسی ایک امیدوار یا کسی ایک شخصیت کو ترجیح نہیں دیتا۔ ہم جس چیز کے حق میں ہیں وہ پاکستان کا آئینی نظام ہے۔
ترجمان امریکی محکمۂ خارجہ نے کہا کہ خدشہ ہے کہ افغانستان کہیں ایک بار پھر دہشت گردوں کی پناہ گاہ نہ بن جائے۔ خطے میں دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کیلئے امریکا کے پاس صلاحیت موجود ہے۔
نیڈ پرائس نے کہا کہ اگر عالمی دہشت گرد افغانستان میں دوبارہ متحد ہوئے تو کارروائی کریں گے۔ ایسے تمام اقدامات کیے جائیں گے جن سے امریکا کے مفادات کا تحفظ ممکن بنایا جاسکے۔
خیال رہے کہ پاکستان اور امریکا کے مابین دوستانہ تعلقات میں دو طرفہ تعاون اور تجارت طویل عرصے سے جاری ہے۔ گزشتہ مالی سال کے دوران پاک امریکا تجارت میں 38 فیصد اضافہ ہوا۔
پاک امریکا تجارتی حجم کم و بیش ساڑھے 10 ارب ڈالر رہا۔ رواں ماہ کے آغاز میں سامنے آنے والی خبر کے مطابق امریکا کو پاکستان کی برآمدات میں اضافہ جاری رہے گا۔