ایک اسکول کی طالبہ اسکول کی چھٹی ہونے کے بعد سائیکل پر اپنے گھر جارہی تھی کہ افسوسناک حادثے کا شکار ہوگئی، 17 سالہ لڑکی سائیکل چلا رہی تھی کہ دو افراد نے اس کا دوپٹہ کھینچ لیا۔
پولیس نے ہفتہ کو بتایا کہ اوباشوں کی جانب سے دوپٹہ کھینچے جانے کے باعث لڑکی اپنی سائیکل سے گر گئی اور موٹرسائیکل پر سوار دونوں افراد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
سی سی ٹی وی کیمرے میں قید واقعے کی ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ لڑکی اپنی سائیکل پر سے کنٹرول کھو بیٹھی اور اس کا دوپٹہ کھینچنے کے فوراً بعد گر گئی۔ اس کے بعد اوباش نوجوان موقع سے فرار ہوگئے، یہ واقعہ جمعہ کو اتر پردیش کے امبیڈکر نگر میں پیش آیا۔
پولیس نے بتایا کہ لڑکی کو فوری طور پر قریبی اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
مقامی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی گئی، جس میں کہا گیا کہ لڑکی سہ پہر تقریباً 3.30 بجے گھر واپس آرہی تھی کہ تین آدمیوں نے اسے ہراساں کیا۔
ایف آئی آر میں لڑکی کے والد نے بتایا کہ دو افراد شاہنواز اور ارباز نے ان کی بیٹی کو ہراساں کرنے کی کوشش کی اور اس کا دوپٹہ کھینچا۔ جب وہ نیچے گری تو ایک اور شخص، جس کی شناخت فیصل کے نام سے ہوئی، نے اسے اپنی موٹر سائیکل بھگادی۔
سینئر پولیس افسر سنجے کمار رائے نے کہا، ”متاثرہ کے خاندان کی طرف سے درج کرائی گئی شکایت کی بنیاد پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ شکایت میں نامزد ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں:عالمی برادری سیلاب سے متاثرہ لیبیا کیلئے فوری امداد فراہم کرے، اقوام متحدہ
پولیس نے مزید کہا کہ ”جمع شدہ شواہد کی بنیاد پر مزید کارروائی کی جائے گی۔