کراچی: یونائٹیڈ بزنس گروپ(یو بی جی)کے چیئرمین افتخار علی ملک اورسرپرست اعلی ایس ایم منیر نے کہا ہے کہ ایف پی سی سی آئی الیکشن2022 کیلئے یونائٹیڈ بزنس گروپ نے کامیابی کی دہلیز پر قدم رکھ دیاہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبہ سندھ سے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے کوٹے پرنائب صدارت کیلئے یو بی جی کے امیدوار محسن مقبول شیخ کی بلامقابلہ کامیابی یونائٹیڈ بزنس گروپ کی کامیابی کابہترین آغاز ہے۔
ایس ایم منیر نے کہا کہ یوبی جی نے الیکشن کے حوالے سے مکمل تیاریاں کرلی ہیں اور ایف پی سی سی آئی کے30 دسمبرکوہونے والے انتخابات میں یونائٹیڈ بزنس گروپ کے تمام امیدوار اکثریت سے کامیاب ہونگے اور یہ کامیابی ملکی معیشت کی مضبوطی کیلئے انتہائی ضروری ہوگی۔
ایس ایم منیرنے محسن مقبول شیخ کی بلامقابلہ کامیابی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یونائٹیڈ بزنس گروپ نے فتح کی جانب قدم بڑھا دیاہے، ہماری پہلی بلامقابلہ کامیابی سے مخالفین کی نیندیں اڑ گئی ہیں،ہم نے ہمیشہ بزنس کمیونٹی کے مفاد کو مقدم سمجھا ہے اور ہم آئندہ بھی انہی کے بہتر مفاد میں کام کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ 30دسمبر کو ایف پی سی سی آئی انتخابات میں یو بی جی کے صدارتی امیدوارڈاکٹرنعمان بٹ،سینئرنائب صدر کے امیدوارمحمدحنیف گوہر اورتمام نائب صدور کے امیدواران بھرپور کامیابی حاصل کریں گے۔
یو بی جی کے چیئرمین افتخار علی ملک نے کہا کہ محسن شیخ کی بلامقابلہ کامیابی بزنس کمیونٹی کا یو بی جی اور ہماری جدوجہد پر اعتماد کا اظہار ہے،سندھ کی فقیدالمثال فتح پاکستان کی پوری بزنس کمیونٹی کو مبارک ہو،30دسمبر کو دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوجائے گا۔
مزید پڑھیں: سی پیک، 12 ارب ڈالر سرمایہ کاری کے منصوبے مکمل ہونے والے ہیں۔خالد منصور