نیو یارک: اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ عالمی اداروں کو سیلاب کے بعد پاکستان کے ساتھ کیے گئے وعدے پورے کرنا ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں سیلاب کے تناظر میں ہنگامی امداد، بحالی اور تعمیرِ نو کے عمل اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کو غیر رسمی بریفنگ دی گئی۔ سیکریٹری جنرل نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب سے بڑے پیمانے پر نقصانات ہوئے۔
مندر سے پرساد کھانے پر انتہا پسند ہندوؤں نے معذور مسلمان کوقتل کر دیا
سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے سیلاب کی تباہ کاریوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو نقصانات کے ازالے کیلئے عالمی برادری کے تعاون کی ضرورت ہے۔ سیلاب کی وجہ سے پاکستان میں بد ترین معاشی بحران پیدا ہوا۔
اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عالمی اداروں کو سیلاب کے بعد پاکستان سے کیے گئے وعدے پورے کرنے چاہئیں۔ عالمی مالیاتی ادارے ترقی پذیر ممالک کی ہر طرح سے مدد کریں۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس پاکستان میں تاریخ کے بد ترین سیلاب نے خاص طور پر بلوچستان اور سندھ میں تباہی مچائی اور قیمتی جانوں کے ساتھ ساتھ انفرا سٹرکچر بھی بہا کر لے گیا۔انتونیو گوتریس نے کہا کہ ماحولیاتی انصاف کیلئے پاکستان لٹمس ٹیسٹ کی حیثیت رکھتا ہے۔