خیبرپختونخوا کے ضلع بونیر سے عمرہ کی سعادت کے لیے سعودی عرب جانے والے زائرین کا قافلہ حادثے کا شکار ہو گیا، جس کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق اور 6 شدید زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق بونیر سے تعلق رکھنے والے 13 افراد پر مشتمل عمرہ زائرین کا قافلہ جب عرفات سے مدینہ منورہ کی طرف روانہ ہوا تو دورانِ سفر ان کی گاڑی کو خوفناک حادثہ پیش آیا۔ حادثے میں 7 زائرین موقع پر ہی شہید ہو گئے جبکہ دیگر 6 افراد کو زخمی حالت میں قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے تمام افراد ایک ہی خاندان یا قریبی ہمسایوں سے تعلق رکھتے تھے۔ واقعے کی خبر بونیر میں جیسے ہی پہنچی، علاقے میں کہرام مچ گیا اور فضا سوگوار ہو گئی۔
واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے شہید ہونے والے زائرین کے لواحقین سے تعزیت کی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہاکہ یہ حادثہ انتہائی دل خراش ہے، ہم متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
اس افسوسناک سانحے نے نہ صرف بونیر بلکہ پورے خیبرپختونخوا کو غمزدہ کر دیا ہے۔ سوشل میڈیا پر تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے اور عوام کی جانب سے شہدا کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی صحتیابی کے لیے دعائیں کی جا رہی ہیں۔