اسلام آباد: قطر کے سفیر شیخ سعود بن عبدالرحمن الثانی نے وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز و انسانی وسائل کی ترقی ساجد حسین طوری سے ملاقات کی۔
قطری وزیر نے پاکستانی وزیر کو بتایا کہ قطر کی وزارت داخلہ نے پاکستان کے لیے مزید دو ویزا مراکز کی منظوری دی ہے جو جلد ہی قائم کیے جائیں گے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ پاکستان قطر کی افرادی قوت کی طلب کو پورا کرنے کی پوری صلاحیت رکھتا ہے اور اہداف کو پورا کرنے کے لیے امیگریشن کے عمل کو مزید شفاف اور تیز تر بنانے کی خواہش رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مضبوط اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
پاکستان کی ثانیہ عالم کو ’برین آف دی ایئر‘ کے ایوارڈ سے نوازاگیا
سفیر نے کہا کہ ہم قطر میں پاکستانی ٹیلنٹ کے لیے روزگار کے مزید مواقع پیدا کرنا چاہتے ہیں۔
دونوں شخصیات نے ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات، قطر میں پاکستانیوں کے لیے روزگار کے مزید مواقع پیدا کرنے اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
وفاقی وزیر ساجد حسین طوری نے بھی قطر کو فیفا ورلڈ کپ کی اب تک کی کامیاب ترین میزبانی پر مبارکباد دی۔
ساجد حسین نے کہا کہ فیفا جیسی کھیلوں کی سرگرمیاں بین الاقوامی امن کو فروغ دیتی ہیں ، مزید برآں قطری سفیر نے فیفاورلڈکپ کے دوران فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے پر پاکستانی فورسز کوسراہا۔