اسلام آباد: پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اگر چاہیں تو کل وفاقی حکومت گرا دیں لیکن انہیں فیصلے کا موقع دینا چاہتے ہیں کہ کیسے آگے بڑھنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ 22 جولائی کوپنجاب میں پی ٹی آئی کی حکومت ہوگی جس کے بعد 23 جولائی کو پنجاب میں رانا ثناءاللہ اور عطا تارڑ کے داخلے پرپابندی لگاسکتے ہیں، ان جیسے لوگ پنجاب کے لیے ناسور ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ حکومت کے 5 سے زیادہ ایم این ایز ہم سے رابطے میں ہیں، حکومت وینٹی لیٹرپرہے اور ہم جب چاہیں سوئچ آف کردیں وفاقی حکومت کو گھر بھیج دیں، حکومت کے پاس 172 اراکین کی حمایت حاصل نہیں، شہبازشریف پہلے الیکشن کی تاریخ دیں پھردیکھتے ہیں کیا آپشنز ہیں، اگر صدر مملکت شہباز شریف کو اعتماد کا ووٹ لینے کا کہیں تو وہ 172 لوگ نہیں لاسکتے۔
اُن کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدہ ہوجانے کے بعد مارکیٹ مستحکم نہیں ہوئی، عدم اعتماد کی سنگینی کے سبب آئی ایم ایف معاہدے کے باوجود 10 روپے ڈالر بڑھ گیا لیکن تحریک انصاف سیاسی استحکام کے لیے کوششیں جاری رکھےہوئے ہے۔
ملک میں سیاسی عدم استحکام سے معاشی عدم استحکام ہو رہا ہے، مریم اورنگزیب