میرپور: آزاد جموں و کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کا تیسرا مرحلہ شروع ہوگیا ہے، مختلف شہروں میں پولنگ کیلئے ووٹرز کی کثیر تعداد گھروں سے نکل آئی۔
تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر میں آج بلدیاتی انتخابات کا تیسرا اور آخری مرحلہ شروع ہوگیا۔ میر پور ڈویژن کے 3 اضلاع بھمبر، میرپور اور کوٹلی میں پولنگ کا عمل شروع ہوگیا۔
اسد عمر نے عدالت سے غیر مشروط معافی مانگ لی
آج صبح 8 بجے سے شروع ہونے والی پولنگ شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گی۔ خواتین اور مرد حضرات سمیت مجموعی طور پر 12 لاکھ سے زائد ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔
کمشنر آفس میں بلدیاتی انتخابات کے تیسرے اور آخری مرحلے کی پولنگ کی نگرانی کیلئے کنٹرول روم قائم کردیا گیا۔ میر پور ڈویژن کے 3 اضلاع میں 4 ہزار 257 نشستوں پر انتخابات ہورہے ہیں۔
پولنگ کیلئے قائم کل 2 ہزار 188 پولنگ اسٹیشنز میں سے 874 کو حساس ترین قرار دیا گیا ہے جہاں امن و امان کی صورتحال کنٹرول کرنے کیلئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
ضلع میر پور میں مختلف سیاسی جماعتوں کے 1 ہزار 24، بھمبر میں 1 ہزار 102 جبکہ کوٹلی میں 2 ہزار 131 امیدوار 4 ہزار سے زائد نشستوں کیلئے مدِ مقابل ہیں۔ مختلف امیدواروں میں کانٹے کا مقابلہ ہوگا۔