پاکستان کی مشہور اداکارہ مایا علی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر اپنے ردعمل کا اظہار کردیا۔
مایا علی سوشل میڈیا کے ذریعے اکثر ملکی مسائل پر اپنی رائے کا اظہار کرتی رہتی ہیں۔ آج انہوں نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر حکمرانوں کے نام اہم پیغام جاری کیا ہے۔
اداکارہ نے انسٹا اسٹوری میں لکھا کہ چیزیں کنٹرول سے باہر ہوتی جارہی ہیں، ہر گزرتے لمحے کے ساتھ ایسا لگتا ہے کہ ہر چیز زیادہ سے زیادہ مہنگی ہوتی جارہی ہے۔
مایا علی نے عوام سے درخواست کرتے ہوئے لکھا کہ خدا کیلیے اپنے لوگوں کے بارے میں سوچیں ورنہ اس (مہنگائی) سے جرائم کی شرح میں اضافہ ہوگا۔ اپنے ائیر کنڈیشنڈ کمروں سے باہر نکلیں اور اقتدار کیلیے لڑنے کے بجائے ملک اور لوگوں کیلیے لڑیں۔
انہوں نے مزید لکھا کہ لوگوں نے اس لیے پاکستان کیلیے قربانیاں نہیں دی تھیں۔
معلوم رہے کہ نگران حکومت نے دوسری مرتبہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 305 روپے 36 پیسے ہوگئی ہے۔