سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن نے ٹیکنیکل اسکول سرٹیفکیٹ (ٹی ایس سی) پارٹ دوم کے سالانہ امتحانات 2025 کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ بورڈ کے چیئرمین مشرف علی راجپوت نے بتایا کہ صوبہ سندھ بھر سے 1887 طلبہ نے امتحانات میں حصہ لیا جن میں سے 1628 طلبہ کامیاب ہوئے، جس سے کامیابی کا تناسب 86.27 فیصد رہا۔
گلشن ٹیکنیکل ہائی اسکول ملیر کے حافظ محمد شہیر نے 1350 میں سے 1179 نمبروں کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔ اسی اسکول کے محمد شامیخ احمد نے 1168 نمبروں کے ساتھ دوسری پوزیشن اپنے نام کی، جبکہ ورکرز ماڈل اسکول سائٹ حیدرآباد کی طالبہ وجیہہ شاہ نے 1164 نمبروں کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔
ٹیکنیکل بورڈ کی جانب سے پوزیشن ہولڈرز کو شیلڈز، میڈلز اور نقد انعامات سے نوازا گیا، تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی وجیہہ شاہ جو کہ ایک نجی بینک کے سیکیورٹی گارڈ کی بیٹی ہیں، نے کمپیوٹر سائنس میں 1164 نمبر حاصل کرکے اپنے والد اور خاندان کا نام روشن کیا۔
وجیہہ شاہ کی اس شاندار کامیابی پر سوشل میڈیا صارفین نے انہیں خوب سراہا۔ صارفین کا کہنا ہے کہ پاکستان کا تعلیمی نظام اگرچہ کئی خامیوں کا شکار ہے مگر جب متوسط طبقے کے طلبہ و طالبات اسی نظام سے گزر کر اعلیٰ پوزیشنیں حاصل کرتے ہیں تو وہ مستقبل میں قوم کا نام روشن کرنے کا باعث بنتے ہیں۔