ملتان:وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سہولتوں کی فراہمی اور عوام کو ریلیف دینے کا وقت آن پہنچا ہے،حکومت آئی پی پیز کے معاہدوں کو ریوائز کرنا چاہتی ہے، آئی پی پیز سے نئے معاہدوں سے بجلی کے نرخ میں کمی آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے بجلی کی کمی کو دور کرنے کیلئے نئے پاور پلانٹ لگائے اور آئی پی پیزسے معاہدے اتنے مہنگے کئے تھے کہ بجلی کے نرخ بڑھے،غلط منصوبہ بندی کی بدولت زرعی نقصان بھی ہوا اور بجلی کے نرخ بھی بڑھے،عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈالا گیا۔
سولر انرجی پراجیکٹس پر بھی کام ہو رہا ہے، جب سولر ونڈ اور ہائیڈرل پاور پراجیکٹ ساتھ آئیں گے تو بجلی سستی ہو گی۔وہ فاطمہ جناح ٹاؤن ملتان میں 132کے وی گرڈ سٹیشن کا سنگ بنیاد رکھا تقریب سے خطاب کررہے تھے۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ماضی کے ادوار میں کسی نئے ڈیم کے منصوبے پر کام نہیں کیا گیا، ہماری حکومت نے دیامیر بھاشا ڈیم پر کی تعمیر پر کام شروع کردیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھاشا دیامیر ڈیم سات سالوں میں مکمل ہوگا اس سے پاکستانی فائدہ اٹھائیں گے۔
انہوں نے کہا وزیراعظم عمران خان نے کنسٹرکشن انڈسٹریز پر ایک تاریخی ریلیف پیکج دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کنسٹرکشن انڈسٹری کے فروخ سے روز گار پیدا ہوگا اور لوگوں کی قوت خرید میں اضافہ ہوگا۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ فاطمہ جناح کالونی عرصہ دراز سے بن چکی لیکن سہولیات کی عدم فراہمی کی وجہ سے آباد نہ ہو سکی،نئے گریڈ اسٹیشن سے 5 ہزار کمرشل اور 500 انڈسٹریل کنکشن دستیاب ہونگے،اس گریڈ اسٹیشن سے 14 نئے فیڈرز بنائے جائیں گے جس سے بجلی کی ٹرپنگ میں کمی آئیگی۔
اس منصوبہ میں 51 ملین روپے سے لوگوں کی زندگیوں کو محفوظ بنایا جائیگا اور اس لوگوں کے گھروں سے گزرنے والی مین بجلی کی تاروں پر پروٹیکشن کور لگایا جائیگا۔انہوں نے کہا امید کرتا ہوں کہ گرڈ کا منصوبہ جلد سے جلدمکمل کیا جائے گا اور اعلی میعار پر مکمل کیا جائیگا جس سے لوگوں کو فائدہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ میپکو کے معاملات کی بہتری کے لیئے اور لوگوں کی آسانی کے لیئے میپکو چیف سے ایک طویل نشست ہوئی جس میں انہیں ہدایت کی ہے کہ جنوبی پنجاب کے شہریوں کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے اورواپڈا سروسز کے حوالے سے عوامی شکایات کا ازالہ کیا جائے۔