ہالی ووڈ اداکار بریڈ پٹ کی فارمولا ون پر مبنی نئی فلم ’ایف ون‘ کا سنسنی خیز ٹریلر جاری کردیا گیا ہے جس کی ریلیز کا مداح بےصبری سے انتظار کر رہے ہیں۔
ٹریلر میں اعلان کیا گیا ہے کہ یہ فلم رواں ماہ 27 جون کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔ یہ کوئی عام ٹریلر نہیں اس کی خاص بات یہ ہے کہ ایپل کمپنی نے آئی فون صارفین کے لیے ایک منفرد قدم اٹھاتے ہوئے اس فلم کا دنیا کا پہلا ’ہیپٹک ٹریلر‘ جاری کیا ہے، جو صرف Apple TV ایپ پر دستیاب ہے۔
ہیپٹک ٹریلر، ایپل کے Taptic Engine کی مدد سے تیار کیا گیا ہے، جو فلم کے ایکشن مناظر کو فون کی وائبریشن کے ذریعے محسوس کرواتا ہے۔
یعنی صارفین کو فارمولا ون کار کی انجن کی آواز، گیئر شفٹس، گاڑی کے جھٹکے اور ریسنگ ٹریک کی لرزش جیسے مناظر حقیقی انداز میں اپنے ہاتھوں میں محسوس ہوں گے۔ تاہم یہ حیرت انگیز تجربہ صرف iOS 18.4 یا اس سے جدید تر ورژن رکھنے والے صارفین کو ہی میسر ہوگا۔
فلم میں بریڈ پٹ ایک سابق فارمولا ون ڈرائیور ’سونی ہیز‘ کا کردار نبھا رہے ہیں۔ تھرلر سے بھرپور اس فلم کی ہدایتکاری جوزف کوسنزکی نے کی ہے، جبکہ موسیقی ہینس زمر نے ترتیب دی ہے۔