کراچی:پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء و سربراہ بیت المال سندھ حنید لاکھانی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کی ہٹ دھرمی نے کراچی شہر کو سمند ر میں تبدیل کردیا ہے، ڈھیٹ، نا اہل اور کرپٹ ترین سندھ کے حکمرانوں نے ایک ایسے شہر کو تباہ کر دیا ہے جو پورے ملک کے لیئے سب سے زیادہ ریونیو پیدا کر تا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی والوں نے روشنیوں کے شہر کی روشنیاں، رونقیں، زندگیاں سب چھین لیا ہے،پورا شہر بارش کے پانی میں ڈوبا ہوا ہے، ان خیالات کا اظہارانہوں نے حنید لاکھانی سیکرٹریٹ سے جار ی کردہ بیان میں کیا۔
حنید لاکھانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے بارہ سالوں میں کرپشن کے پہاڑ کھڑے کر دیئے ہیں مراد علی شاہ سندھ میں کرپشن کنگ ہیں اور پورے صوبے میں بارشوں سے ہونے والی تباہی کی ذمہ دار بھی وزیراعلیٰ سندھ پر عائد ہوتی ہے۔
سندھ حکومت کی وجہ سے کراچی شہر اب کھنڈرات میں تبدیل ہوتا جارہاہے اور پیپلز پارٹی والے جان بوجھ کر شہر قائد کی عوام کو مصیبت میں ڈال رہے ہیں، کراچی میں تین سے چار فٹ تک پانی مختلف علاقوں میں کھڑا ہے سندھ حکومت عملی اقدامات کرنے کے بجائے صرف رین ایمرجنسی سیل بنا رہی ہے جو صرف کاغذوں میں بنتا ہے اور بعد میں خود بھی بارشوں کے پانی میں ڈوب بہہ کر ختم ہوجاتا ہے۔
عملی طور پر رین ایمرجنسی سیل کوئی کام نہیں کرتا، انہوں نے کہا کہ ہم نے خود کشتیوں کے ذریعے مختلف علاقوں سے لوگوں کو اپنی مدد آپ کے تحت ریسکیو کیا ہے، کراچی کے غریب علاقوں میں رہنے والے لوگوں کے گھروں میں پانی کھڑا ہے غریب لوگوں کے گھروں کے سامان خراب ہوگئے ہیں غریب بچیوں کے جہیز کا سامان تباہ و برباد ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھ سے جو ہوسکے گا میں کرونگا اور میر ی اپیل ہے ان تمام فلاحی اداروں اور مخیر حضرات سے کہ وہ مشکل کی اس گھڑی میں اپنے شہر کے لوگوں کی مدد کریں کیونکہ بارش کے پانی سے متاثر ہونے والے لوگ نقل مکانی کر رہے ہیں اور بارش متاثرہ علاقوں میں اشیاؤ خوردونوش کی بھی شدید قلت ہو گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کی عوام کو بجلی بحران، گندگی کے ڈھیر اور شہر کو سمندر میں تبدیل کرنے والی سندھ حکومت کو اپنی کوتاہیوں، کرپشن اور ناقص کارکردگی کو جواب دیناہوگا، پیپلز پارٹی والے شہر کو تباہ کرنے کے ذمہ دار ہیں جبکہ بلاول بھٹو شہر کی تباہی پر چپ کا روزہ رکھ کر بیٹھے ہوئے ہیں۔