کراچی: کورونا کیسز میں مزید کمی کے بعد سندھ حکومت نے شاپنگ مالز اور مارکیٹوں کے اوقات کار میں مزید 2 گھنٹے کا اضافہ کردیا ہے۔ چھوٹ کے بعد کراچی میں کاروباری سرگرمیاں رات دس بجے تک جاری رکھی جاسکیں گے۔
محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق کاروباری اوقات کار رات 10 بجے تک کر دیئے گئے ہیں جبکہ ہفتے میں ایک روز تجارتی مراکز بند رکھے جائیں گے۔
محکمہ داخلہ سندھ کے نئے فیصلوں کا اطلاق 31 جولائی تک ہوگا۔ محکمہ داخلہ سندھ نے شادی ہالز میں آوٹ ڈور تقریبات میں 4 سو مہمانوں کی اجازت بھی دے دی ہے۔
نئے اعلامیے کے مطابق شادی ہالز کے اندر 200 مہمانوں کو آنے کی اجازت ہوگی۔ رات 12 بجے تک شہری ریسورنٹ میں ان اور آوٹ ڈور کی سہولت سے فائدہ بھی اٹھا سکتے ہیں۔
محکمہ داخلہ نے حکم نامے میں کہا ہے کہ پارکس، ان ڈور جم اور واٹر پارکس میں کورونا سرٹیفکیٹ کے حامل افراد کو داخلے کی اجازت دی جائے، سینماء گھر اور تھیٹر انتظامیہ رات ایک بجے تک کاروبار کرسکتے ہیں۔
محکمہ داخلہ سندھ نے نجی و سرکاری دفاتر میں سو فیصد عملے کی حاضری یقینی بنانے کے احکامات دے دیئے، جبکہ چھوٹے بڑے سماجی و مذہبی عوامی اجتماعات پر پابندی برقرار رہے گی۔
یہ بھی پڑھیں : بلوچستان میں 14 روز سے جاری حزب اختلاف کی جماعتوں کا دھرنا ختم